حیدرآباد میٹرو ٹرین کے اوقات کار میں بڑی تبدیلی، مسافروں کیلئے اہم اعلان
میٹرو ریل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اوقات کار میں تبدیلی کا مقصد آپریشنل نظام کو مزید مؤثر بنانا، سروس مینجمنٹ کو بہتر کرنا اور ٹرینوں کی وقت کی پابندی کو مضبوط کرنا ہے۔
حیدرآباد: حیدرآباد میٹرو ریل نے اپنے اوقات کار میں اہم تبدیلی کا اعلان کیا ہے جس کے تحت 3 نومبر سے میٹرو کی آخری ٹرین رات 11 بجے روانہ ہوگی۔ میٹرو حکام کے مطابق نیا شیڈول تمام ٹرمینل اسٹیشنز پر روزانہ نافذ رہے گا اور اب سروس صبح 6 بجے سے رات 11 بجے تک جاری رہے گی۔
انتظامیہ نے مسافروں سے درخواست کی ہے کہ وہ اس نئے ٹائمنگ کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے سفر کی پیشگی منصوبہ بندی کریں۔ اس تبدیلی سے خاص طور پر ان افراد کو دقت ہوسکتی ہے جو دفتر سے دیر سے لوٹتے ہیں یا رات گئے خریداری کے بعد میٹرو کا استعمال کرتے ہیں، کیونکہ اس سے قبل آخری ٹرین رات 11:45 تک چلائی جاتی تھی۔
میٹرو ریل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اوقات کار میں تبدیلی کا مقصد آپریشنل نظام کو مزید مؤثر بنانا، سروس مینجمنٹ کو بہتر کرنا اور ٹرینوں کی وقت کی پابندی کو مضبوط کرنا ہے۔ نئے شیڈول کے نفاذ کے بعد شہر کے دیر سے سفر کرنے والے مسافروں کو اپنے معمولات میں احتیاط کے ساتھ تبدیلی لانا ہوگی۔