ہزاروں معصوم فلسطینیوں کے قاتل اسرائیلی وزیر اعظم کا گرفتاری وارنٹ جاری ہونے کا امکان؟
پراسیکیوٹر کریم خان نے اپنی درخواست میں مؤقف اپنایا کہ نیتن یاہو اور گیلینٹ کے ساتھ ساتھ حماس کے رہنماؤں یحییٰ سنوار اور محمد دیف کے بھی وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں، تاکہ مبینہ جنگی جرائم کی تفتیش اور عدالتی کارروائی میں رکاوٹ نہ ڈالی جا سکے۔

تل ابیب: جنگی جرائم میں ملوث اور ہزاروں فلسطینیوں کے قاتل اسرائیلی وزیرِ اعظم بنجامن نیتن یاہو کے وارنٹ گرفتاری اسی ماہ جاری ہونے کا امکان ہے۔ بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق، عالمی عدالتِ انصاف (آئی سی سی) کے پراسیکیوٹر کریم خان نے نیتن یاہو اور اسرائیلی وزیرِ دفاع یوآف گیلینٹ کے وارنٹ جاری کرنے کی درخواست دائر کر دی ہے۔
پراسیکیوٹر کریم خان نے اپنی درخواست میں مؤقف اپنایا کہ نیتن یاہو اور گیلینٹ کے ساتھ ساتھ حماس کے رہنماؤں یحییٰ سنوار اور محمد دیف کے بھی وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں، تاکہ مبینہ جنگی جرائم کی تفتیش اور عدالتی کارروائی میں رکاوٹ نہ ڈالی جا سکے۔
کریم خان نے مزید کہا کہ ان شخصیات کے فوری وارنٹ گرفتاری کا اجراء ضروری ہے، تاکہ جنگی جرائم جاری نہ رہیں اور انصاف کی فراہمی میں رکاوٹ نہ ہو۔ اس سے قبل رواں سال مئی میں بھی کریم خان نے اس بات کا اعلان کیا تھا کہ آئی سی سی اسرائیلی وزیر اعظم اور وزیر دفاع کے وارنٹ گرفتاری طلب کر رہی ہے۔
اسرائیلی میڈیا نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وزیرِ اعظم نیتن یاہو کے وارنٹ گرفتاری اسی ماہ جاری ہو سکتے ہیں، جس سے عالمی سطح پر ایک اہم پیش رفت سامنے آئے گی۔
یہ اقدام فلسطینی عوام کے حقوق کے لیے انصاف کی فراہمی کے حوالے سے ایک اہم قدم سمجھا جا رہا ہے، جس سے جنگی جرائم کے مرتکب افراد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے۔