ملک پیٹ کو تعلیم و روزگار کے مرکز میں تبدیل کریں گے: شیخ اکبر
حلقہ اسمبلی ملک پیٹ سے کانگریس پارٹی کے امیدوار شیخ اکبر نے کہا کہ وہ عوام کی خدمت کے جذبہ سے سیاست میں قدم رکھے ہیں۔

حیدرآباد: حلقہ اسمبلی ملک پیٹ سے کانگریس پارٹی کے امیدوار شیخ اکبر نے کہا کہ وہ عوام کی خدمت کے جذبہ سے سیاست میں قدم رکھے ہیں۔
شیخ اکبر کل اعظم پورہ میں ایک انتخابی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک ویژن کے تحت انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔
کامیاب ہونے کی صورت میں کانگریس پارٹی کی قیادت میں وہ حلقہ اسمبلی ملک پیٹ کو ایک مثالی حلقہ میں تبدیل کریں گے اور خاص کر تعلیم و روزگار کے میدان میں غیر معمولی اقدامات کریں گے۔
شیخ اکبر نے کہا کہ ملک پیٹ کو وہ تعلیم اور روزگار کے ایک مرکز میں تبدیل کردیں گے اور بے روزگار نوجوانوں کے لئے اسکل ڈیولپمنٹ کے مختلف مراکز قائم کرتے ہوئے انہیں روزگار حاصل کرنے میں مدد کریں گے۔
شیخ اکبر نے کہا کہ افسوس سے گزشتہ 15 برسوں سے اس حلقہ میں ترقیاتی کام ٹھپ ہوکر رہیں گے‘ یہاں بلدی مسائل کے انبار پائے جاتے ہیں۔
کانگریس امیدوار نے کہا کہ وہ ملک پیٹ میں کھیل کود کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کا ارادہ رکھتے ہیں تاکہ یہاں سے بھی محمد اظہر الدین‘ ثانیہ مرزاء اور محمد سراج جیسے بین الاقوامی کھلاڑی نکل سکیں۔
کھیل کود کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے وہ ایک سے زائد انڈور اسٹیڈیم تعمیر کروائیں گے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس مرتبہ کانگریس کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کریں تاکہ تبدیلی کو یقینی بنایا جاسکے۔