سوشیل میڈیاکھیل

پجارا 100 ویں ٹسٹ میں صفر پر آؤٹ

ہندوستانی ٹسٹ ٹیم کے بلے باز چیتشور پجارا دہلی میں اپنے کیریر کا 100 واں میچ کھیل رہے ہیں۔ لیکن یہ میچ اب تک ان کیلئے یادگار نہیں رہا۔

نئی دہلی: ہندوستانی ٹسٹ ٹیم کے بلے باز چیتشور پجارا دہلی میں اپنے کیریر کا 100 واں میچ کھیل رہے ہیں۔ لیکن یہ میچ اب تک ان کیلئے یادگار نہیں رہا۔

ہمیشہ کی طرح تیسرے نمبر پر بلے بازی کرنے آئے پجارا اس میچ کی پہلی اننگز میں اپنا کھاتہ بھی نہیں کھول سکے۔ انہیں ناتھن لیون نے صفر پر آؤٹ کیا۔

پجارا 100 ویں ٹسٹ میں صفر پر آؤٹ ہونے والے پہلے بلے باز نہیں ہیں۔ ان سے پہلے دنیا بھر کے 7 بلے باز اپنے سوویں ٹسٹ میں صفر پر آؤٹ ہوچکے ہیں۔ چیتشور پجارا سوویں ٹسٹ میں صفر پر آؤٹ ہونے والے دوسرے ہندوستانی اور دنیا کے آٹھویں بلے باز ہیں۔

اگر ہم مجموعی ریکارڈ پر نظر ڈالیں تو ہندوستانی کرکٹر دلیپ وینگسارکر 100 ویں ٹسٹ میں آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی تھے۔

اپنے 100ویں ٹسٹ میں آؤٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں دلیپ وینگسرکر (ہندوستان)، ایلن بارڈر (آسٹریلیا)، کورٹنی والش (ویسٹ انڈیز)، مارک ٹیلر (آسٹریلیا)، اسٹیفن فلیمنگ (نیوزی لینڈ)، برینڈن میکلم (نیوزی لینڈ)، الیسٹر کک (انگلینڈ) اور ہندوستان کے بلے باز چیتیشور پجارا شامل ہیں۔

اس طرح سوویں ٹسٹ میں اب تک 8 کرکٹرز صفر پر آؤٹ ہوچکے ہیں۔ دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلے جارہے ٹسٹ میچ میں کینگرو اسپنر ناتھن لیون ٹیم انڈیا کے بلے بازوں کیلئے بدستور پریشانی کا باعث بنے ہوئے ہیں۔

ہندوستانی کھلاڑیوں کو ان کی اسپن بولنگ کو سمجھنے میں کافی پریشانی ہورہی ہے۔ ناتھن لیون نے ہندوستان کے 7 میں سے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ہے۔ اس دوران انہوں نے روہت شرما کو 32، کے ایل راہول کو 17، چیتیشور پجارا کو 0 اور شریاس ایئر اور سریکار بھرت 7 کو آؤٹ کیا۔