مشن قومی سیاست: ناندیڑ میں بی آر کا پہلا جلسہ

یہ جلسہ مراٹھواڑہ کے ناندیڑ شہر میں ہونے والا ہے جو کبھی سابق ریاست حیدرآباد کا حصہ تھا۔اس جلسہ کے سلسلہ میں انتظامات تیزی کے ساتھ جاری ہیں۔یہ جلسہ 5فروری کو ہونے والا ہے اور بی آرایس اس جلسہ کو کامیاب بنانے کیلئے اقدامات کررہی ہے۔

حیدرآباد: قومی سیاست میں قدم رکھنے کے مشن کے ساتھ تلنگانہ کی حکمران جماعت تلنگانہ راشٹراسمیتی(ٹی آرایس) کے نام کی بھارت راشٹراسمیتی(بی آرایس)سے تبدیلی کے بعد پارٹی، ریاست کے باہر پہلا بڑا جلسہ پڑوسی ریاست مہاراشٹرمیں منعقد کرے گی۔

یہ جلسہ مراٹھواڑہ کے ناندیڑ شہر میں ہونے والا ہے جو کبھی سابق ریاست حیدرآباد کا حصہ تھا۔اس جلسہ کے سلسلہ میں انتظامات تیزی کے ساتھ جاری ہیں۔یہ جلسہ 5فروری کو ہونے والا ہے اور بی آرایس اس جلسہ کو کامیاب بنانے کیلئے اقدامات کررہی ہے۔

اس جلسہ سے وزیراعلی کے چندرشیکھرراو خطاب کریں گے۔توقع ہے کہ اس موقع پر ناندیڑ کے بعض اہم لیڈران بی آرایس میں شامل ہوجائیں گے۔امکان ہے کہ وزیراعلی ناندیڑ کے مشہور گردوارہ پر جلسہ سے پہلے حاضری دیں گے۔

ذرائع کے مطابق مہاراشٹرمیں ناندیڑ کا انتخاب اس جلسہ کے لئے کیاگیا ہے کیونکہ اس شہرکے تلنگانہ سے قریب ہونے کے سبب اس میں تلگو زبان بولنے والوں کی تعداد قابل لحاظ ہے۔

قبل ازیں وزیراعلی کے چندرشیکھرراو نے کہا تھا کہ پڑوسی ریاست کے بیشتر مواضعات ان کی حکومت کی بہبودی اور ترقیاتی اسکیمات سے متاثر ہوکر تلنگانہ میں ضم ہونا چاہتے ہیں۔سیاسی تجزیہ نگاروں کے مطابق اس مرتبہ ناندیڑ کے اس بڑے جلسہ عام میں وزیراعلی کی تقریر، کسانوں کے مسائل پر ہوگی۔