سوشیل میڈیاقومی

ویڈیو: چلتی ٹرین میں بچہ تک پہنچنے کیلئے ماں جان پر کھیل گئی

ریلوے اسٹیشن پر پیش آنے والے واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل، ماں دو بار گری مگر ہمت نہ ہاری اور آخرکار چلتی ٹرین میں سوار ہو کر اپنے بچے تک پہنچ گئی۔

سوشل میڈیا پر ایک دل کو چھو لینے والی ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں ماں کی بے مثال ممتا اور ہمت کا منظر دیکھنے کو ملتا ہے۔ یہ واقعہ اتر پردیش کے آگرہ کینٹ ریلوے اسٹیشن کا بتایا جا رہا ہے جہاں ایک ماں اپنے ننھے بچے کے ساتھ ٹرین میں سفر کر رہی تھی۔

متعلقہ خبریں
17 سالہ لڑکے کو بے رحمانہ زدوکوب، 2 افراد گرفتار
تلنگانہ: بیٹے کی گرفتاری پر ہوم گارڈ کا پولیس اسٹیشن میں ہنگامہ
80 سال کی عمر میں دادی کی جم ورزش کی ویڈیو وائرل ویڈیو دیکھ کر لوگوں کو پسینہ آنے لگا
کووں کی بڑی تعداد نے مال کی پارکنگ میں ڈیرہ ڈال لیا
پالتو کتے کو گلے میں پھندا ڈال کر مارنے کی کوشش (ویڈیو)

اطلاعات کے مطابق ٹرین کچھ دیر کیلئے پلیٹ فارم پر رکی تو ماں پانی لینے کیلئے نیچے اتر گئی۔ اسی دوران اچانک ٹرین چل پڑی جبکہ اس کا بچہ کوچ کے اندر ہی رہ گیا۔ جیسے ہی ماں نے ٹرین کو حرکت کرتے دیکھا اس کے ہوش اڑ گئے اور وہ فوراً پوری طاقت کے ساتھ ٹرین کے پیچھے دوڑ پڑی۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ماں نے چلتی ٹرین کے دروازے کا ہینڈل پکڑنے کی کوشش کی مگر رفتار زیادہ ہونے کی وجہ سے وہ اپنا توازن کھو بیٹھی اور پلیٹ فارم پر گر گئی۔

دوسری بار بھی اس کا پیر پھسل گیا اور وہ دوبارہ گر پڑی۔ اس دوران اس کا سامان بھی بکھر گیا اور اسے چوٹ بھی لگی، مگر ممتا کی طاقت اسے بار بار کھڑا کر رہی تھی۔ آخرکار تیسری کوشش میں اس نے پوری قوت کے ساتھ دروازے کو مضبوطی سے پکڑ کر کوچ میں سوار ہونے میں کامیاب ہو گئی۔

ریلوے حکام نے اس واقعہ پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ چلتی ٹرین میں چڑھنا انتہائی خطرناک اور قانوناً غلط ہے۔ اگر کسی مسافر کا ساتھی ٹرین میں رہ جائے تو فوری طور پر ریلوے ہیلپ لائن 139 پر اطلاع دیں یا اسٹیشن پر موجود آر پی ایف اور جی آر پی اہلکاروں سے مدد حاصل کریں۔

یہ ویڈیو صرف ایک واقعہ نہیں بلکہ ماں کی محبت اور قربانی کی ایسی مثال ہے جس نے دیکھنے والوں کو جذباتی کر دیا ہے۔