نواز شریف کو اب بھی دل کے عارضہ کے مسائل لاحق:ڈاکٹرس
نواز شریف کی بیماری سے متعلق رپورٹ لاہور ہائی کورٹ میں جمع کرادی گئی جس میں برطانوی ہاسپٹل نے کہا ہے کہ نواز شریف کے سینے میں اب بھی درد اٹھتا ہے۔

لاہور/اسلام آباد: سابق وزیراعظم پاکستان نواز شریف کی واپسی کی تاریخ قریب آنے کے ساتھ ہی ان کی صحت کے بارے میں ایک طبی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ان میں ابھی بھی انجائنا کی کچھ علامات ہیں اور انہیں لندن اور پاکستان میں اپنا چیک اپ کراتے رہنا ہوگا۔
توقع ہے کہ 73 سالہ نواز شریف لندن میں خودساختہ جلاوطنی کے تقریباً4 سال بعد 21 اکتوبر کو پاکستان واپس ہوں گے۔ وہ نومبر 2019 سے لندن میں مقیم ہیں جہاں وہ طبی علاج کے لئے گئے تھے۔
پروفیسر کارلو ڈی ماریو کی جانب سے تیار کی گئی رپورٹ جمعہ کے روز لاہور ہائی کورٹ میں داخل کی گئی ہے۔ علحدہ اطلاع کے بموجب نواز شریف کی بیماری سے متعلق رپورٹ لاہور ہائی کورٹ میں جمع کرادی گئی جس میں برطانوی ہاسپٹل نے کہا ہے کہ نواز شریف کے سینے میں اب بھی درد اٹھتا ہے۔
انہیں لندن اور پاکستان میں چیک اپ کرانے کی ضرورت ہے۔ن لیگ کے وکیل امجد پرویز نے رجسٹرار آفس میں نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ جمع کرائی جو کہ برطانوی معالج کی جانب سے تیار کی گئی ہے جسے برطانیہ کے رائل برمپٹن ہسپتال نے جاری کیا ہے۔
رپورٹ میں برطانوی ڈاکٹر نے کہا کہ نواز شریف کو اب بھی دل کے عارضے کے مسائل لاحق ہیں، نواز شریف کو کورونا اور دل کی تکلیف کے سبب پاکستان کے سفر سے روکا گیا تھا، نواز شریف کو لندن اور پاکستان میں ابھی بھی فالو اَپ چیک اَپ کی ضرورت ہے، نواز شریف کو ابھی بھی سینے میں درد رہتا ہے۔