پنجاب اور گجرات میں ہماری حکومت بنے گی: اروند کجریوال
سابق چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے چہارشنبہ کے دن الزام عائد کیا کہ پنجاب اور گجرات میں ضمنی الیکشن میں عام آدمی پارٹی کی جیت 2027 کے اسمبلی الیکشن کا سیمی فائنل ہے۔

نئی دہلی (پی ٹی آئی) سابق چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے چہارشنبہ کے دن الزام عائد کیا کہ پنجاب اور گجرات میں ضمنی الیکشن میں عام آدمی پارٹی کی جیت 2027 کے اسمبلی الیکشن کا سیمی فائنل ہے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ ان کی پارٹی دونوں ریاستوں میں حکومت بنانے کی راہ پر گامزن ہے۔ کجریوال‘ گجرات کے حلقہ وشوادھر اور پنجاب کے حلقہ لدھیانہ ویسٹ کے ضمنی الیکشن میں اپنی پارٹی کی جیت کاجشن منانے کے لئے منعقدہ ایونٹ سے خطاب کررہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ گجرات اور پنجاب ضمنی الیکشن سیمی فائنل ہے اور 2027 کے اسمبلی الیکشن میں ہم پنجاب میں 100 نشستیں جیت کر حکومت بنائیں گے۔ انہوں نے اپنی پارٹی کے 2کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دی اور پارٹی کی جیت یقینی بنانے کے لئے عوام کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم پنجاب میں گزشتہ 3 سال سے اقتدار میں ہیں۔ حکومت مخالف لہر چھوڑیئے پنجاب میں تو حکومت موافق لہر ہے۔ ہم نے 2022 کے اسمبلی الیکشن میں 92 نشستیں جیتی تھیں اور ایسا لگتا ہے کہ ہم 2027 میں 100 نشستیں پار کرجائیں گے۔
عام آدمی پارٹی سربراہ نے کہا کہ کانگریس کی اعلیٰ قیادت کی بی جے پی سے ملی بھگت ہے۔ عام آدمی پارٹی سسٹم کے خلاف لڑرہی ہے۔ ہم عوام کو صاف ستھری سیاست دینے کے لئے آئے ہیں۔
گجرات میں جنتا بی جے پی سے تنگ ہے۔ پہلے اس کے پاس کوئی اور چارہ نہ تھا۔ کانگریس آپشن نہیں ہے۔ لوگ عام آدمی پارٹی کو متبادل کے طورپر دیکھ رہے ہیں اور انہیں عام آدمی پارٹی سے امید ہے۔ ہم 2027 میں گجرات میں حکومت بنائیں گے۔