حیدرآباد

گھر یا پلاٹ خریدنے سے پہلے یہ غلطیاں ہرگز نہ کریں

 ایک نئی قانونی رہنما کتاب "Indian Real Estate Risk Handbook – Edition 1" میں خبردار کیا گیا ہے کہ خریداروں کو خریداری سے پہلے قانونی اور ماحولیاتی پہلوؤں کی مکمل جانچ ضرور کرنی چاہیے، ورنہ مستقبل میں بڑے مالی اور قانونی مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

حیدرآباد: گھر یا پلاٹ خریدنا ہر شخص کی زندگی کے اہم ترین مالی فیصلوں میں سے ایک ہوتا ہے، لیکن صرف اچھی لوکیشن، کم قیمت یا جدید سہولیات دیکھ کر سرمایہ کاری کرنا کافی نہیں۔

 ایک نئی قانونی رہنما کتاب "Indian Real Estate Risk Handbook – Edition 1” میں خبردار کیا گیا ہے کہ خریداروں کو خریداری سے پہلے قانونی اور ماحولیاتی پہلوؤں کی مکمل جانچ ضرور کرنی چاہیے، ورنہ مستقبل میں بڑے مالی اور قانونی مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

یہ مفت ڈیجیٹل ہینڈ بک Namahaa Legal کی شریک بانی رینو اوبالے اور اونیندر ریڈی نے تیار کی ہے۔ اس کا اجرا تلنگانہ کے اسپیشل چیف سیکریٹری برائے آئی ٹی، الیکٹرانکس و کمیونیکیشن جیش رنجن، آئی اے ایس نے TG-RERA کے سیکریٹری کے سرینواس کی موجودگی میں کیا۔

ہینڈ بک کے مطابق صرف رجسٹرڈ سیل ڈیڈ یا منظور شدہ بلڈنگ پلان ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ جائیداد ہر لحاظ سے قانونی طور پر محفوظ ہے۔ خاص طور پر جھیل، ندی، نالے یا ویٹ لینڈ کے قریب واقع زمین خریدنے سے پہلے آزادانہ قانونی اور ماحولیاتی جانچ ضروری ہے۔

گائیڈ میں فل ٹینک لیول (FTL) اور بفر زون کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا ہے۔ اگر کوئی مکان یا پلاٹ ان محفوظ حدود میں واقع ہو تو مستقبل میں تعمیراتی اجازت مسترد ہو سکتی ہے، قانونی تنازعات پیدا ہو سکتے ہیں یا متعلقہ حکام کی کارروائی کی صورت میں عمارت کو منہدم بھی کیا جا سکتا ہے۔

ہینڈ بک میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگرچہ کوئی زمین بظاہر خشک نظر آئے، پھر بھی وہ سرکاری ریکارڈ کے مطابق جھیل کی حدود میں شامل ہو سکتی ہے، اس لیے صرف موقع کا معائنہ کافی نہیں بلکہ سرکاری ریکارڈ کی جانچ بھی ضروری ہے۔

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ صرف اس بنیاد پر کسی پروجیکٹ کو محفوظ نہ سمجھا جائے کہ وہاں بینک فنانسنگ دستیاب ہے، فلیٹس فروخت ہو چکے ہیں یا لوگ رہائش اختیار کر چکے ہیں، کیونکہ بعض منصوبوں میں ماحولیاتی خلاف ورزیاں بعد میں سامنے آتی ہیں۔

ہینڈ بک میں شہریوں کو یہ مشورہ بھی دیا گیا ہے کہ وہ HMDA Lakes Portal سمیت سرکاری ریکارڈ سے FTL اور بفر زون کی معلومات حاصل کریں، پراپرٹی کا سروے نمبر اور منظور شدہ نقشے چیک کریں، ریونیو اور پلاننگ ریکارڈ کا موازنہ کریں، کسی آزاد قانونی ماہر سے رائے لیں اور خریداری سے پہلے مقامی افراد سے علاقے کی سیلابی صورتحال یا قانونی تنازعات کے بارے میں بھی معلومات حاصل کریں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ خریداری سے پہلے چند دن کی احتیاط اور مکمل جانچ مستقبل میں برسوں کے قانونی مقدمات اور بڑے مالی نقصان سے بچا سکتی ہے۔