دہلیسوشیل میڈیا

ویڈیو: 2 کروڑ کے فلیٹ میں چھت سے پانی کا آبشار، لاکھوں کا سامان تباہ، بلڈر کے خلاف ایف آئی آر

دہلی کے آئی پی ایکسٹینشن کی ایک معروف ہائی رائز سوسائٹی میں واقع تقریباً ڈیڑھ سے دو کروڑ روپے مالیت کے فلیٹ میں اچانک فائر سیفٹی پائپ لائن پھٹ جانے سے چھت سے تیز رفتاری سے پانی بہنے لگا، جس کے باعث پورا فلیٹ زیرِ آب آگیا

نئی دہلی: دہلی کے آئی پی ایکسٹینشن کی ایک معروف ہائی رائز سوسائٹی میں واقع تقریباً ڈیڑھ سے دو کروڑ روپے مالیت کے فلیٹ میں اچانک فائر سیفٹی پائپ لائن پھٹ جانے سے چھت سے تیز رفتاری سے پانی بہنے لگا، جس کے باعث پورا فلیٹ زیرِ آب آگیا اور لاکھوں روپے مالیت کا فرنیچر، الیکٹرانک سامان اور دیگر قیمتی اشیا تباہ ہوگئیں۔

اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ 13ویں منزل پر واقع فلیٹ میں پیش آیا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ چھت سے آبشار کی طرح پانی گر رہا ہے، جبکہ چند ہی منٹوں میں پورا گھر پانی سے بھر گیا۔

متاثرہ خاندان اور پڑوسیوں کا الزام ہے کہ عمارت کی تعمیر کے دوران ناقص معیار کا تعمیراتی سامان استعمال کیا گیا، جس کے باعث فائر فائٹنگ پائپ لائن دباؤ برداشت نہ کرسکی اور پھٹ گئی۔

متاثرہ فلیٹ مالک نے نقصانات کے نقصان کی بھرپائی کے لئے مینٹیننس ایجنسی سے رجوع کیا، تاہم ایجنسی نے معاوضہ ادا کرنے سے انکار کردیا۔ اس کے بعد فلیٹ مالک نے بلڈر اور مینٹیننس ایجنسی کے خلاف پولیس میں ایف آئی آر درج کرادی۔

واقعہ کے بعد سوشل میڈیا پر لوگوں نے سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اگر تعمیر میں لاپروائی یا ناقص میٹریل کے استعمال کی تصدیق ہوتی ہے تو بلڈر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور متاثرہ خاندان کو ہونے والے تمام نقصان کا مکمل معاوضہ ادا کرایا جائے۔