حیدرآباد کے نہرو زو پارک میں جلد نئے جانوروں کی آمد، سیاح آسٹریلوی کینگرو دیکھ سکیں گے
اس سلسلہ میں گجرات میں قائم ریلائنس فاؤنڈیشن کے جانوروں کے تحفظ کے مرکز ”ونتارا“ کے ساتھ زو پارک نے معاہدہ کیا ہے۔ کینگرو کی آمد سے زو پارک آنے والے سیاحوں کو ایک نیا اور منفرد تجربہ حاصل ہوگا۔
حیدرآباد: نہرو زوالوجیکل پارک حیدرآباد کے سیاحوں کے لئے خوشخبری ہے۔ زو پارک میں جلد ہی نئے جانور شامل ہونے جا رہے ہیں جن میں آسٹریلیا سے آنے والے کینگرو بھی شامل ہیں۔
اس سلسلہ میں گجرات میں قائم ریلائنس فاؤنڈیشن کے جانوروں کے تحفظ کے مرکز ”ونتارا“ کے ساتھ زو پارک نے معاہدہ کیا ہے۔ کینگرو کی آمد سے زو پارک آنے والے سیاحوں کو ایک نیا اور منفرد تجربہ حاصل ہوگا۔
اس کے علاوہ ایک مادہ ژرافہ بھی جلد زو پارک پہنچنے والی ہے۔ روزانہ ہزاروں کی تعداد میں سیاح اور شہری نہرو زوالوجیکل پارک کا رخ کرتے ہیں۔ بچوں سے لے کر ضعیف افراد تک، مقامی افراد کے ساتھ ساتھ دیگر علاقوں سے آنے والے سیاح بھی اپنے ارکان خاندان کے ساتھ یہاں آکر پورا دن گزارتے ہیں اور مختلف جانوروں کو دیکھ کر لطف اندوز ہوتے ہیں۔ خاص طور پر ویک اینڈ پر زو پارک میں سیاحوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہو جاتا ہے۔
پارک میں شیر، چیتے، سانپ، ہاتھی سمیت کئی اقسام کے جانور موجود ہیں تاہم اب جلد ہی کچھ نئے جانور بھی شامل ہونے والے ہیں جو سیاحوں کو مزید حیران کریں گے۔
حکام کے مطابق آسٹریلیا سے کینگرو نہرو زو پارک لائے جائیں گے۔ گجرات میں ریلائنس فاؤنڈیشن کے زیر انتظام ”ونتارا“ جانوروں کی دیکھ بھال اور تحفظ کا مرکز قائم ہے۔ جانوروں کے تبادلہ کے پروگرام کے تحت ونتارا، نہرو زو پارک کو آسٹریلوی کینگرو فراہم کرے گا۔ اس کے تحت ایک نر اور ایک مادہ کینگرو زو پارک کو دیئے جائیں گے۔ ان کی آمد کے بعد پہلے کچھ دن انہیں نگرانی اور قرنطینہ میں رکھا جائے گا جس کے بعد انہیں عوام کیلئے رکھا جائے گا۔
زو پارک حکام نے کینگرو کی آمد کے لئے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔ اس کے بدلے میں نہرو زو پارک اپنے جانوروں میں سے ایک جانور ونتارا کو فراہم کرے گا۔
قابلِ ذکربات یہ ہے کہ 2020 میں نہرو زو پارک کے حکام نے جاپان کے یوکوہاما زولوجیکل گارڈنس سے چار کینگرو لانے کی کوشش کی تھی اور دونوں زوز کے درمیان معاہدہ بھی طے پایا تھا لیکن کورونا وبا کے باعث یہ عمل درمیان میں ہی رک گیا۔ حال ہی میں ونتارا کی ٹیم نے حیدرآباد کا دورہ کرتے ہوئے نہرو زو پارک کا معائنہ کیا، جس کے بعد کینگرو فراہم کرنے پر آمادگی ظاہر کی گئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ نہرو زو پارک میں کینگرو پہلی مرتبہ رکھے جا رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی زو پارک میں موجود نر ژراف ”سنی“ کے لئے ایک مادہ ژرافہ لانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلہ میں میسور زو کے ساتھ معاہدہ طے پا چکا ہے اور توقع ہے کہ رواں ماہ کے اختتام تک مادہ ژرافہ نہرو زو پارک پہنچ جائے گی۔