کرکٹ کی تاریخ کا نیا عالمی ریکارڈ: انڈونیشیا کے پرایاندانا نے ایک اوور میں 5 وکٹیں اڑا دیں
گیڈ پری یاندا نے کمبوڈیا کے خلاف میچ کے ایک ہی اوور میں 5 وکٹیں حاصل کر کے کرکٹ کی تاریخ میں اپنا نام سنہری حروف سے لکھوا لیا۔
بالی : انڈونیشیا کے 28 سالہ دائیں ہاتھ کے تیز گیند باز گیڈ پری یاندا نے ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں وہ کارنامہ انجام دے دیا ہے جو اس سے قبل مردوں یا خواتین کی بین الاقوامی کرکٹ میں کوئی نہ کر سکا۔ گیڈ پری یاندا نے کمبوڈیا کے خلاف میچ کے ایک ہی اوور میں 5 وکٹیں حاصل کر کے کرکٹ کی تاریخ میں اپنا نام سنہری حروف سے لکھوا لیا۔کمبوڈیا کی ٹیم 168 رنز کے تعاقب میں 15 اوورز تک 106 رنز بنا چکی تھی، اس کے بعد گیڈ پری یاندا اپنا پہلا اوور کرنے آئے اور میچ کا نقشہ ہی بدل دیا، مسلسل تین وکٹیں لے کر اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی۔ انہوں نے شاہ ابرار حسین، نرمل جیت سنگھ اور چنتھون رتھانک کو پویلین بھیجا۔پانچویں گیند مونگدارا ساک کو آؤٹ کر کے چوتھی وکٹ لی۔ ایک وائیڈ بال کے بعد پیل ویناک کو ٹھکانے لگا کر ایک ہی اوور میں 5 وکٹوں کا ہدف پورا کر لیا۔اس تباہ کن اسپیل کی بدولت کمبوڈیا کی پوری ٹیم لڑکھڑا گئی اور انڈونیشیا نے یہ میچ 60 رنز سے جیت لیا۔اگرچہ ڈومیسٹک کرکٹ میں بنگلہ دیش کے الامین حسین (2013) اور ہندوستان کے ابھیمنیو متھن (2019) ایک اوور میں 5 وکٹیں لے چکے ہیں، لیکن انٹرنیشنل کرکٹ کی سطح پر یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے۔
اس سے قبل انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک اوور میں 4 وکٹیں لینے کے 14 واقعات ریکارڈ پر موجود ہیں، جن میں سری لنکا کے لستھ ملنگا کا 2019 میں نیوزی لینڈ کے خلاف مسلسل 4 گیندوں پر 4 وکٹیں لینا سب سے مشہور ہے۔
بالنگ میں گیڈ پری یاندا کے قہر سے پہلے، انڈونیشیا کے وکٹ کیپر بلے باز دھرما کیسوما نے بلے بازی میں جوہر دکھائے۔ انہوں نے صرف 68 گیندوں پر 110 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، جس میں 8 چوکے اور 6 بلند و بالا چھکے شامل تھے