امریکہ و کینیڈا

غزہ میں اسرائیل کی وحشیانہ کارروائی،نیویارک ٹائمز کی شاعری کی ایڈیٹر نے احتجاجاً استعفیٰ دے دیا

بوئیر صاحبہ نے کہا کہ اس جنگ کا واحد مقصد تیل کمپنیوں اور اسلحہ ساز اداروں کے مہلک نفع میں اضافہ ہے، فلسطینیوں نے دہائیوں کے قبضے، جبری نقل مکانی، محرومی، تحقیر آمیز نگرانی، محاصرے، قید اور تشدد کی مزاحمت کی ہے۔

نیویارک: نیویارک ٹائمز کی مدیرہ شاعری این بوئیر نے غزہ میں صہیونی فورسز کی وحشیانہ کارروائیوں پر احتجاجاً استعفیٰ دے دیا۔ مرزا غالب کا ایک زبان زد عام شعر ہے: ’لکھتے رہے جنوں کی حکایات خوں چکاں، ہر چند اس میں ہاتھ ہمارے قلم ہوئے‘ اس شعر کے مصداق امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی مدیرِہ شاعری این بوئیر نے غزہ خوں ریزی پر بطور احتجاج استعفیٰ دے دیا ہے۔

متعلقہ خبریں
امریکہ کا عمران خان اور دیگر قیدیوں کی حفاظت پر اظہارِ تشویش
اسرائیل اور حماس کی لڑائی میں امریکہ کا فوج بھیجنے کا کوئی ارادہ نہیں: کملا ہیرس
امریکی اسٹوڈنٹ ویزاکی طلب میں زبردست اضافہ، تاحال 5 لاکھ درخواستوں کو قطعیت
وزیر فینانس نرملا سیتا رمن کی کل امریکہ روانگی

اخبار کی انتظامیہ کے نام خط میں انھوں نے لکھا کہ اہلِ غزہ کے خلاف امریکی حمایت یافتہ اسرائیلی جنگ کسی کی جنگ نہیں ہے، نہ اس سے کسی کو کوئی تحفظ ملے گا، یہ نہ اسرائیل کے مفاد میں ہے نہ امریکہ و یورپ یا یہودیوں کے، اس سے یہودیوں کو محض بدنامی حاصل ہوگی جن کے نام پر یہ کچھ ہو رہا ہے۔

بوئیر صاحبہ نے کہا کہ اس جنگ کا واحد مقصد تیل کمپنیوں اور اسلحہ ساز اداروں کے مہلک نفع میں اضافہ ہے، فلسطینیوں نے دہائیوں کے قبضے، جبری نقل مکانی، محرومی، تحقیر آمیز نگرانی، محاصرے، قید اور تشدد کی مزاحمت کی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے پہلے اسی اخبار کی جیزمین ہیوز اور جیمی لارن کائلز بھی مستعفی ہو چکی ہیں۔ اخبار کی ان دونوں میگزین مدیرات نے انتظامیہ کے نام ایک کھلے خط میں اسرائیل کو نسلی امتیاز اور نسل کشی کا مجرم قرار دیا۔

خط کی اشاعتِ عام پر ان خواتین کو نیویارک ٹائمز کی جانب سے انتباہی مراسلے لکھے گئے جس پر دونوں مستعفی ہو گئیں، جیزمین، این اور جیمی محض تین جرات مند و باضمیر صحافی نہیں بلکہ قلم کی عصمت اور صحافت کی آبرو ہیں۔

a3w
a3w