حیدرآباد

سٹی کالج میں چھت گرنے سے خوف و ہراس

واقعے کی اطلاع ملتے ہی چارمینار کے رکن اسمبلی میر ذوالفقار علی موقع پر پہنچے اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کالج کی موجودہ حالت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے عمارت کی فوری مرمت اور ضروری حفاظتی اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا۔

حیدرآباد : حیدرآباد کے سٹی کالج میں چھت کے کوریڈور کا ایک حصہ اچانک منہدم ہوگیا۔ اس کالج میں سیکڑوں طلبہ زیرِ تعلیم ہیں اور کالج کی عمارت کی خستہ حالی پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

اطلاعات کے مطابق چھت کا حصہ گرنے کے وقت وہاں کوئی موجود نہیں تھا، جس کی وجہ سے ایک بڑا حادثہ ٹل گیا اور کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی چارمینار کے رکن اسمبلی میر ذوالفقار علی موقع پر پہنچے اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کالج کی موجودہ حالت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے عمارت کی فوری مرمت اور ضروری حفاظتی اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا۔

میر ذوالفقار علی نے کہا کہ عمارت کی خستہ حالت کو نظرانداز کرنا مستقبل میں خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔ اگر بروقت مرمت اور مضبوطی کے اقدامات نہ کیے گئے تو طلبہ اور عملے کی جان کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ کالج کی چھت اور دیگر کمزور حصوں کا فوری معائنہ کرایا جائے اور ضروری مرمت کا کام جلد مکمل کیا جائے، تاکہ مستقبل میں کسی بڑے حادثے سے بچا جاسکے۔