نواز شریف کی وطن واپسی کی راہ ہموار
حکومت ِ پاکستان نے الیکشن (ترمیمی) قانون 2023 کو منظوری دے دی جس کی رو سے سابق وزیراعظم نواز شریف کی سیاست میں واپسی کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔

اسلام آباد: حکومت ِ پاکستان نے الیکشن (ترمیمی) قانون 2023 کو منظوری دے دی جس کی رو سے سابق وزیراعظم نواز شریف کی سیاست میں واپسی کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔
سینیٹ میں منظوری ملنے کے بعد نیشنل اسمبلی نے اتوار کے دن نئے قانون کو منظوری دے دی۔ اس قانون کی رو سے الیکشن کمیشن آف پاکستان(ای سی پی) کو الیکشن کی تاریخ طئے کرنے اور کسی بھی قانون ساز کی نااہلی کو 5 سال تک محدود کردینے کے یکطرفہ اختیارات مل گئے ہیں۔
اس سے سابق وزیراعظم اور پی ایم ایل این سربراہ کی پاکستان واپسی ہوپائے گی جنہیں سپریم کورٹ نے غیرمتناسب اثاثہ کیس میں تاحیات نااہل قراردیا تھا۔ ایک اور سیاستداں جنہیں اس نئی ترمیم سے فائدہ پہنچے گا‘ جہانگیر ترین ہیں جنہوں نے نئی جماعت‘ استحکام پاکستان پارٹی(آئی پی پی)قائم کی ہے۔
انہیں بھی سپریم کورٹ نے کرپشن کے الزام میں تاحیات نااہل قراردیا تھا۔ پارلیمنٹ میں بعض ارکان نے بل کی مخالفت کی۔ انہوں نے کہا کہ اس کا مقصد مخصوص افراد کو فائدہ پہنچانا ہے۔ جماعت ِ اسلامی پاکستان کے مولانا اکبر چترالی نے کہا کہ مجوزہ ترمیم کا مقصد چنندہ افراد کو فیض پہنچانا ہے۔
سینیٹ اور قومی اسمبلی میں منظوری کے بعد ترمیمی بل کو اب صدر عارف علوی کی قطعی منظوری درکار ہوگی جو اِن دنوں حج کی ادائیگی کے لئے سعودی عرب گئے ہوئے ہیں۔ صدرنشین سینیٹ صادق سنجرانی ان کے غیاب میں کارگزار صدر کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
حکومت نے ترمیم کی یہ کہتے ہوئے مدافعت کی ہے کہ تاحیات نااہلی کسی بھی سیاستداں کے بنیادی دستوری حقوق کے خلاف ہے تاہم سیاسی ماہرین کی رائے ہے کہ سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے پر یہ بل رد ہوجائے گا۔