عوام ہمیشہ کیلئے کے سی آر کو فارم ہاوز بھیجنے کیلئے تیار: مودی
وزیر اعظم مودی نے الزام لگایا کہ کانگریس نے ایس سی، ایس ٹی اور اوبی سی سے ناانصافی کی ہے۔ کانگریس نے تقریباً پانچ دہائیوں تک متحدہ آندھراپردیش میں حکمرانی کی لیکن کسی بھی بی سی لیڈر کو وزیراعلی نہیں بنایا۔

حیدرآباد: وزیراعظم مودی نے الزام لگایا کہ کانگریس اور تلنگانہ کی حکمراں جماعت بی آر ایس ایک ہیں کیوں کہ بدعنوانی اور خاندانی راج دونوں پارٹیوں کی ملکیت ہے کانگریس دراصل بی آر ایس کی کاربن کاپی ہے عوام دونوں جماعتوں سے چوکس رہیں ۔
انہوں نے توپران میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ میں زعفرانی جماعت کی کامیابی نہ صرف تلنگانہ کا وقار بڑھائے گی بلکہ اس کے ذریعہ ریاست کی ترقی بھی ممکن ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے ذریعہ ترقی ممکن نہیں ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ کانگریس نے ایس سی، ایس ٹی اور اوبی سی سے ناانصافی کی ہے۔ کانگریس نے تقریباً پانچ دہائیوں تک متحدہ آندھراپردیش میں حکمرانی کی لیکن کسی بھی بی سی لیڈر کو وزیراعلی نہیں بنایا۔ انہوں نے کہا کہ سماجی انصاف صرف بی جے پی سے ممکن ہے۔
انہوں نے عوام سے سوال کیاکہ ریاست کے عوام کو ایسے وزیراعلی کی کیا ضرورت ہے جس کو عوام کی کوئی پرواہ نہیں۔ ایسے وزیراعلی کی کیا عوام کو ضرورت ہے جو عوام سے نہ ملے۔ جو سکریٹریٹ نہ جائے۔
انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے عوام ہمیشہ کے لئے چندرشیکھرراو کو فارم ہاوز بھیجنے کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چندرشیکھرراو نے دلت کو وزیراعلی بنانے کا وعدہ کیا تھا۔ اس وعدہ کو بھی پورا نہیں کیا۔