عوام، حکمران جماعت سے پورا حساب لیں گے: ناراض بی ایس آر قائد
سرینواس ریڈی نے کہا کہ جب بھی انہوں نے مسائل پر گفتگو کی تب بی آر ایس قیادت کا رویہ عجیب وغریب رہا مگر ان کی کے ٹی راما راؤ سے رغبت کی وجہ سے وہ بی آر ایس میں برقرار ہیں۔

حیدرآباد: بی آر ایس کے ناراض قائد پی سرینواس ریڈی نے کہا کہ وہ دن دور نہیں ہے جب عوام حکمرانوں سے حساب لیں گے۔ آج کھمم میں اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب بھی انہوں نے مسائل پر گفتگو کی تب بی آر ایس قیادت کا رویہ عجیب وغریب رہا مگر ان کی کے ٹی راما راؤ سے رغبت کی وجہ سے وہ بی آر ایس میں برقرار ہیں۔
واضح رہے کہ قیاس آرائیوں کا بازار گرم ہے کہ پی سرینواس ریڈی بی جے پی میں شامل ہونے والے ہیں۔ آج اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی آرایس قیادت کو معلوم ہے کہ پارٹی کی تبدیلی کے بعد وہ کن کن مشکلات سے گذرے۔ مجھے سیکوریٹی نہیں دی گئی۔
میں نے بھی دو گن مین کی سیکوریٹی واپس کردی۔ سرینواس ریڈی نے کہا کہ میں کوئی دہشت گردیا اراضیات پر غیر قانونی قبضہ کرنے والا نہیں ہوں۔ مگر میں خاموش بھی نہیں رہ سکتا۔ میرے لئے کھمم کی عوام ہی گاڈ فادر ہے۔
انہوں نے کہا کہ سب کو معلوم ہے کہ گذشتہ چار سالوں کے دوران انہیں عہدوں سے کیوں محروم رکھا گیا۔ آج میں اپنے حامیوں سے محض اس لئے ملاقات کررہا ہوں تاکہ پارٹی کی تبدیلی کے متعلق ان کی رائے معلوم کرسکوں۔
دوسری طرف ان کے حامیوں کا کہنا ہے کہ سرینواس ریڈی بی آر ایس کے رویہ سے ناراض ہیں اور بی جے پی میں شمولیت کا ذہن بناچکے ہیں۔ وہ 18جنوری کو نئی دہلی میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملاقات کریں گے اور اگر وزیر اعظم سے ملاقات کا موقع ملتا ہے تو یقینی طور پر مودی سے بھی ملاقات کریں گے۔