کے ایس بھرت کی ماں سے گلے ملنے کی تصویر وائرل
سریکار بھرت نے ہندوستانی ٹیم کیلئے آج ٹسٹ ڈیبیو کیا۔ کے ایس بھرت کو ایشان کشن پر ترجیح دی گئی اور انہوں نے آسٹریلیا کے خلاف بارڈر۔گاوسکر ٹرافی کے پہلے ٹسٹ کیلئے پلیئنگ 11 میں جگہ دی گئی۔

ناگپور: سریکار بھرت نے ہندوستانی ٹیم کیلئے آج ٹسٹ ڈیبیو کیا۔ کے ایس بھرت کو ایشان کشن پر ترجیح دی گئی اور انہوں نے آسٹریلیا کے خلاف بارڈر۔گاوسکر ٹرافی کے پہلے ٹسٹ کیلئے پلیئنگ 11 میں جگہ دی گئی۔
تجربہ کار بلے باز چیتشور پجارا نے 29 سالہ بھرت کو ٹسٹ ڈیبیو کیپ سونپی۔ کے ایس بھرت کافی عرصے سے ہندوستانی ٹیم میں شامل ہیں لیکن اب ان کا ڈیبیو کا خواب پورا ہوگیا ہے۔ کے ایس بھرت کی ماں ناگپور میں ڈیبیو تقریب میں موجود تھیں۔
آندھراپردیش کے وکٹ کیپر بلے باز نے اپنی پہلی کیپ حاصل کرنے کے بعد اپنی ماں کو گلے لگالیا۔ یہ اس ماں کیلئے ایک جذباتی لمحہ تھا جس کے بیٹے نے اپنے بچپن کا خواب پورا کیا۔ جب بھرت نے اپنی ماں کو گلے لگایا تو فوٹوگرافروں نے اس لمحے کو کیمرے میں قید کرنے میں کوئی وقت نہیں لگایا اور کچھ ہی دیر میں یہ تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
واضح رہے کہ کے ایس بھرت کو زیادہ تر وقت انتظار کرنا پڑا کیونکہ رشبھ پنت نے وکٹ کیپر بلے باز کی ذمہ داری اپنے کندھوں پر لی تھی۔ پنت نے ہندوستان کیلئے کئی میچ جیتنے والی اننگز کھیلی جس کی وجہ سے کے ایس بھرت کو ٹیم میں جگہ نہیں مل رہی تھی۔
اس موقع پر کے ایس بھرت نے کہاکہ آج کا دن ان کیلئے یادگار دن ہے۔ وہ اس دن کو کبھی نہیں بھول سکتے۔ بھرت نے کہاکہ وہ پلیئنگ الیون میں ملنے والے موقع سے فائدہ اٹھانے کی ہرممکن کوشش کریں گے۔