چینی جاسوس غبارے کے ملبے کی تصاویر جاری
امریکی ناردرن کمانڈ اور نارتھ امریکن ایرو اسپیس ڈیفنس کمانڈ کے کمانڈر جنرل گلین وان ہرک نے بتایا کہ یہ غبارہ تقریباً 200 فٹ لمبا اور 2 ہزار پاؤنڈ سے بھی زیادہ وزنی تھا۔
واشگٹن: امریکی بحریہ نے مشتبہ چینی جاسوسی غبارے کے ملبے کی تصاویر جاری کردی ہے جسے امریکی لڑاکا طیارے نے بحر اوقیانوس کے قریب مار گرایا تھا۔
تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ امریکی بحریہ کی ٹیم تباہ شدہ غبارے کے ملبے کو کھینچ رہے ہیں، غبارے کے ملبے کو امریکی ریاست ورجینیا کی ایف بی آئی کی لیبارٹری میں تجزیے کے لیے لے جایا جارہا ہے تاکہ معلوم کیا جاسکے کہ آلات جاسوسی کے لیے استعمال ہوتے ہیں یا نہیں۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق امریکی ناردرن کمانڈ اور نارتھ امریکن ایرو اسپیس ڈیفنس کمانڈ کے کمانڈر جنرل گلین وان ہرک نے صحافیوں کو بتایا کہ یہ غبارہ تقریباً 200 فٹ لمبا اور 2 ہزار پاؤنڈ سے بھی زیادہ وزنی تھا۔
امریکی حکام نے کہا کہ اس غبارے کے ذریعے خفیہ اطلاعات جمع کرنے کی صلاحیت کے حوالے سے کوئی خاص خطرہ نہیں ہے۔ کئی دنوں سےامریکہ اس غبارے کی کھوج میں مصروف تھا، تاہم کچھ روز قبل صدر جو بائیڈن نے کہا تھا کہ انہوں نے امریکی فوج کو ہدایت کی تھی کہ غبارے کو جلد از جلد مار گرایا جائے لیکن حکام نے کہا کہ اس سے شہریوں اور زمینی املاک کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
تاہم 5 فروری کو امریکی فوج کے لڑاکا طیارے نے جنوبی کیرولینا کے ساحل پر مشتبہ چینی جاسوس غبارے کو مار گرایا تھا۔
ایک ہفتے قبل یہ مشتبہ جاسوس غبارہ پہلی بار امریکی فضائی حدود میں داخل ہوا اور چین کی جانب سے جاسوسی کی قیاس آرائیوں کو جنم دیا جس سے چین۔امریکہ تعلقات مزید خراب ہوگئے۔
دوسری جانب چین نے امریکہ کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ یہ غبارہ موسمیاتی اور دیگر سائنسی مقاصد کے لیے استعمال کیا جارہا تھا اور یہ محض حادثاتی طور پر امریکہ کی فضائی حدود میں داخل ہو گیا تھا، تاہم اس دعوے کو امریکی حکام نے مکمل طور پر مسترد کر دیا۔