ایشیاء

افغانستان میں طاقتور زلزلہ، 800 افراد جاں بحق (ویڈیو)

مشرقی افغانستان میں کل رات طاقتور زلزلہ میں 800  افراد جاں بحق ہوئے۔ طالبان حکومت نے پیر کے دن یہ بات بتائی۔ اتوار کی رات 6 شدت کا زلزلہ صوبہ کنار میں آیا۔

کابل (اے پی) مشرقی افغانستان میں کل رات طاقتور زلزلہ میں 800  افراد جاں بحق ہوئے۔ طالبان حکومت نے پیر کے دن یہ بات بتائی۔ اتوار کی رات 6 شدت کا زلزلہ صوبہ کنار میں آیا۔

زلزلہ متصل صوبہ ننگرہار کے شہر جلال آباد کے قریب آیا۔ رات 11:47 بجے اس زلزلہ کا مرکز صوبہ ننگرہار کے شہر جلال آباد کے مشرق۔ شمال مشرق میں 27کیلو میٹر دور واقع تھا۔ امریکی جیولوجیکل سروے نے یہ بات بتائی۔ زلزلہ 8کیلو میٹر کی گہرائی میں آیا۔

فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بچاؤ کارکن اسٹریچرس پر زخمیوں کو لے جارہے ہیں۔ زخمیوں کی تعداد 2500 بتائی جاتی ہے۔ زخمیوں کو ہیلی کاپٹرس کے ذریعہ دواخانوں کو لے جایا گیا۔ لوگ ملبہ میں اپنے عزیزوں کو تلاش کررہے تھے۔ طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے پیر کے دن پریس کانفرنس میں کہاکہ 800  افراد جاں بحق اور 2500 زخمی ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ تر اموات صوبہ کنار میں ہوئیں۔

افغانستان میں عمارتوں کی تعمیر ناقص ہوتی ہے۔ دیہی علاقوں میں زیادہ تر عمارتیں لوڈ بیرنگ بنائی جاتی ہیں یعنی ان میں کالم نہیں ہوتے۔ بعض مکانات کچی اینٹوں اور لکڑی کے بنے ہوتے ہیں۔ کنار کے ایک شدید متاثرہ علاقہ میں رہنے والے ایک شخص نے بتایا کہ سارا گاؤں تباہ ہوگیا۔ بچے‘ بوڑھے اور جوان ملبہ میں دبے ہیں۔ اس دیہاتی نے اپنا نام نہیں بتایا۔ اس نے کہا کہ ہمیں مدد کی ضرورت ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ لوگ یہاں آئیں اور ہماری مدد کریں۔

ہمیں ملبہ سے لوگوں کو نکالنا ہے لیکن ہماری مدد کو کوئی بھی نہیں آرہا ہے۔ کئی مکانات منہدم ہوگئے۔ مشرقی افغانستان پہاڑی علاقہ ہے۔ زلزلہ نے کمیونیکیشنس کا سسٹم ٹھپ کردیا۔ زندہ بچنے والے ایک شخص نے کہا کہ اس کی آنکھوں کے سامنے مکانات ڈھیر ہوگئے اور لوگ مدد کے لئے پکارنے لگے۔ کنار‘ ننگرہار میں ریسکیو آپریشن جاری ہیں۔ میڈیکل ٹیمیں پہنچ گئی ہیں۔ وزارت ِ صحت کے ترجمان شرافت زماں نے یہ بات بتائی۔

طالبان حکومت کے ترجمان ِ اعلیٰ ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ زندگیاں بچانے کے لئے تمام دستیاب وسائل استعمال کئے جائیں گے۔ قریبی شہر جلال آباد مصروف تجارتی مرکز ہے۔ یہ شہر پڑوسی ملک پاکستان کی سرحد پر واقع ہے۔ یہ دونوں ممالک کے درمیان اہم بارڈر کراسنگ ہے۔ اس کی آبادی لگ بھگ 3 لاکھ ہے۔

جلال آباد میں قابل لحاظ کھیتی باڑی ہوتی ہے۔ یہاں پر ترش پھل اور چاول کی کاشت ہوتی ہے۔ دریائے کابل‘ شہر کے بیچ میں سے گزرتا ہے۔ 7  اکتوبر 2023 کو افغانستان میں 6.3 شدت کا زلزلہ آیا تھا۔ اُس وقت حکومت طالبان نے 4 ہزار اموات کی بات کہی تھی۔