پرجاپالانا درخواستیں عام افراد کے ہاتھوں میں!، وائرل ویڈیوز سے عوام میں تشویش
ایک دوسرے واقعہ میں پُرکردہ درخواست فامس ایک کارٹون باکس سے گرے ہوئے پائے گئے جس کو ایک نوجوان اپنی ٹووہیلر پر لے جارہا تھا، یہ درخواستیں بالانگر کی سڑک پر بکھرے پڑے رہے۔
حیدر آباد: کانگریس حکومت کی جانب سے عوام کو ممکنہ سہولتیں فراہم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اِس کے علاوہ 5 ضمانتوں سے متعلق درخواستیں بھی وصول کی گئی ہیں تاکہ عوام کو گارنٹیز کے فوائد سے مستفید کیا جاسکے۔ کانگریس کی نئی حکومت نے ضمانتوں کی تکمیل کا وعدہ کیا ہے۔
اِس سلسلہ میں درخواستیں وصول کی گئی ہیں لیکن یہ درخواستیں آج حیدر آباد کے مقامات پر بعض نجی افراد کے پاس پائی گئیں۔ پُرکردہ درخواستوں کے بنڈلس جس میں آردھار نمبر، راشن کارڈ نمبر، موبائل نمبر اور گھر کے پتے درج ہیں، بعض افراد لے جاتے ہوئے دیکھے گئے۔
اِس تعلق سے سوشل میڈیا پر دکھایا گیا ہے کہ بعض نوجوان جن میں طلبہ بھی شامل ہیں، درخواستیں لے جارہے ہیں جس سے ڈاٹا کے افشا ہونے کے خدشات پیدا ہورہے ہیں۔ بعض افراد نے کہا کہ اُنہیں ڈاٹا انٹری کے لئے بلدیہ کے دفاتر میں یہ فارمس دیئے گئے ہیں۔
ایک دوسرے واقعہ میں پُرکردہ درخواست فارمس ایک کارٹون باکس سے گرے ہوئے پائے گئے جس کو ایک نوجوان اپنی ٹووہیلر پر لے جارہا تھا، یہ درخواستیں بالانگر کی سڑک پر بکھرے پڑے رہے۔
اِن درخواستوں کے سڑکوں پر پڑے رہنے سے گزرنے والے افراد نے نوجوانوں سے استفسارات کئے۔ ضمانتوں کی تکمیل کے لئے وصول شدہ درخواستیں نجی افراد کے ہاتھوں میں آنے اور بالا نگر کے علاوہ دوسرے مقامات کی سڑکوں پر بکھرے پڑے رہنے سے شک و شبہات کا اظہار کیا جارہا ہے۔
اس سلسلہ میں اپوزیشن بھارت راشٹرا سمیتی (بی آر ایس) نے کانگریس حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا کہ پُرکردہ درخواستوں کو ایسے افراد کے ہاتھوں دیا گیا ہے جن میں طلبہ اور عام نوجوان بھی شامل ہیں۔ بی آر ایس قائدین نے استفسار کیا ہے کہ آیا کس طرح حکومت خانگی افراد سے یہ خدمات حاصل کرسکتی ہے؟
بی آر ایس قائدین نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے گارنیٹز پر عمل آوری کے تعلق سے شک و شبہات کا اظہار کیا۔ اِس دوران پولیس نے عوام کو انتباہ دیا ہے کہ وہ ایسے کالرس سے چوکس رہیں جو کہ اُنہیں او ٹی پی کے لئے فون کررہے ہیں۔ کیوں کہ درخواست گزاروں کو فون کرتے ہوئے اُن سے او ٹی پی روانہ کرنے کے لئے کہا جارہا ہے۔
ریاستی پولیس نے عوام سے کہا کہ اِس طرح کے اسکامس سے چوکس رہیں۔ منصف نیوز بیورو کے مطابق بالا نگر فلائی اوور پر ابھئے ہستم درخواستوں کا پایا جانا عوامی و سیاسی حلقوں میں موضوع بحث بن گیا ہے۔
واضح رہے کہ ابھئے ہستم درخواست فامس کے ڈاٹا انٹری کی ذمہ داری حکومت نے خانگی ایجنسی کے حوالہ کی ہے۔ راپیڈو وہیکل پر درخواست فارمس ایجنسی کے دفتر منتقل کئے جارہے تھے کہ راستہ میں درخواستوں کا بنڈل گرگیا۔ کمشنر جی ایچ ایم سی رونالڈروز نے اس واقعہ پر شدید ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیا ہے۔