تلنگانہ

لیونل میسی کے میچ کے لیے تیاریاں مکمل، ڈپٹی سی ایم بھٹی وکرمارکا نے لیا سیکیوریٹی کا جائزہ

حیدرآباد کے اپل اسٹیڈیم میں 13 دسمبر کو ہونے والے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی کے فرینڈلی میچ کے لیے ریاستی حکومت نے فول پروف سیکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔

حیدرآباد کے اپل اسٹیڈیم میں 13 دسمبر کو ہونے والے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی کے فرینڈلی میچ کے لیے ریاستی حکومت نے فُل پروف سیکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا نے یقین دہانی کرائی کہ ہزاروں کی تعداد میں ملک بھر سے آنے والے شائقینِ فٹبال کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں۔

متعلقہ خبریں
لیونل میسی ’انٹر میامی‘ فٹبال کلب جوائن کریں گے
میسی کا رونالڈو کے سعودی کلب النصر سے معاہدہ کرنے پر غور
میسی کو سعودی کلب کی جانب سے 400 ملین یورو سالانہ کی پیشکش
میسی کا پہلے گیم میں گول پی ایس جی کی کامیابی

ڈپٹی سی ایم نے کہا کہ میسی کا نام سنتے ہی فٹبال شائقین کے دلوں میں جوش پیدا ہوتا ہے اور اس میچ کے لیے عوام میں غیر معمولی دلچسپی دیکھنے میں آرہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ رائزنگ گلوبل سمٹ کی تقریبات پورے ریاست میں جاری ہیں اور وزیراعلیٰ ریونت ریڈی مختلف اضلاع کا دورہ کر رہے ہیں۔

بھٹی وکرمارکا نے یاد دلایا کہ میسی کو پوری دنیا میں خصوصی سیکیورٹی فراہم کی جاتی ہے اور حیدرآباد میں بھی اسی طرز پر سخت ترین سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔

اتوار کو ڈپٹی سی ایم بھٹی وکرمارکا اور وزیر شریدر بابو نے اپل اسٹیڈیم کا دورہ کیا اور میچ کے لیے سیکیورٹی و انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ میسی نے خود تلنگانہ رائزنگ تقریبات میں حصہ لینے میں دلچسپی ظاہر کی ہے، جس سے عوام کا جوش مزید بڑھا ہے۔ انہوں نے شائقین سے اپیل کی کہ میچ والے دن مقررہ وقت سے پہلے اسٹیڈیم پہنچ جائیں تاکہ داخلے میں کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئے۔

چونکہ گلوبل سمٹ کے سلسلے میں دنیا بھر کی نامور شخصیات، تنظیموں کے سربراہان اور سی ای اوز حیدرآباد کا رخ کر رہے ہیں، اس لیے شہر میں سیکیورٹی کو مزید سخت کیا گیا ہے۔

ڈپٹی سی ایم نے بتایا کہ راچہ کنڈہ پولیس اور حیدرآباد سٹی پولیس میچ کی سیکیورٹی پر خصوصی توجہ دے رہی ہیں۔ اسٹار پلیئر میسی، وزیراعلیٰ، وزراء اور دیگر وی آئی پیز کی آمد و روانگی کے لیے مخصوص راستوں، انٹری گیٹس، پارکنگ اور ٹرانسپورٹ سہولیات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر پولیس اور ایچ سی اے عہدیداروں نے ڈپٹی سی ایم کو بھیڑ کی روانی، ہنگامی انتظامات اور اسٹیڈیم کی تیاریاں تفصیل سے بتائیں۔ میٹرو ریل اور آر ٹی سی کی جانب سے شائقین کو اسٹیڈیم تک آسان رسائی کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

معائنہ کے دوران ایڈیشنل ڈی جی پی وجے کمار، راچہ کنڈہ سی پی سدھیر بابو، کانگریس قائدین روہن ریڈی اور شیوا سین ریڈی بھی موجود تھے۔