تلنگانہ

قاضی پیٹ میں حضرت سید شاہ افضل بیابانی رفاعی قادریؒ کے سالانہ عرس کی تیاریاں عروج پر، اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد

اجلاس میں عرس کے دوران لاکھوں زائرین کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے مختلف انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات، ٹریفک کنٹرول، خصوصی آر ٹی سی بسوں کی فراہمی، بجلی اور پینے کے پانی کی بلا تعطل سپلائی، صفائی ستھرائی، طبی سہولیات، ایمبولینس خدمات، سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی اور دیگر بنیادی سہولیات بروقت مکمل کرنے پر زور دیا گیا۔

ورنگل: قاضی پیٹ میں واقع حضرت سید شاہ افضل بیابانی رفاعی قادریؒ کے سالانہ عرس مبارک کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ 6 اگست سے 12 اگست تک منعقد ہونے والے عرس کے کامیاب انعقاد کے لیے ہنمکنڈہ کلکٹریٹ میں ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد کیا گیا۔

اجلاس کی صدارت ورنگل ویسٹ کے رکن اسمبلی نائنی راجیندر ریڈی نے کی، جبکہ ریاستی حج کمیٹی کے چیئرمین و سجادہ نشین حضرت خسرو پاشا، ضلع کلکٹر چاہت باجپائی، جی ڈبلیو ایم سی کمشنر وینکنا، ایڈیشنل کلکٹر این روی، ڈی آر او سرینواس، ضلع اقلیتی بہبود افسر ایم سرینو، ڈی ایم ایچ او ڈاکٹر اپیا، سابق کارپوریٹر ابوبکر اور مختلف سرکاری محکموں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں عرس کے دوران لاکھوں زائرین کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے مختلف انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات، ٹریفک کنٹرول، خصوصی آر ٹی سی بسوں کی فراہمی، بجلی اور پینے کے پانی کی بلا تعطل سپلائی، صفائی ستھرائی، طبی سہولیات، ایمبولینس خدمات، سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی اور دیگر بنیادی سہولیات بروقت مکمل کرنے پر زور دیا گیا۔

رکن اسمبلی نائنی راجیندر ریڈی نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت دی کہ تمام انتظامات عرس کے آغاز سے قبل مکمل کر لیے جائیں تاکہ زائرین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اجلاس میں موجود عہدیداروں نے یقین دہانی کرائی کہ مختلف سرکاری محکمے باہمی تعاون کے ساتھ کام کرتے ہوئے عرس مبارک کے موقع پر آنے والے لاکھوں عقیدت مندوں کے لیے تمام ضروری سہولیات اور انتظامات یقینی بنائیں گے، تاکہ مذہبی اجتماع پُرامن، منظم اور کامیاب انداز میں منعقد ہو سکے۔