حیدرآباد

سونیا گاندھی کے ہاتھوں ”جئے جئے تلنگانہ“ ریاستی ترانہ جاری کرنے کا منصوبہ

جئے جائے تلنگانہ گیت کو 2 جون (یوم تاسیس تلنگانہ) سے ریاست کے سرکاری ترانہ کا موقف حاصل ہوجائے گا۔ اس کے بعد یہ گیت تمام سرکاری تقاریب کے دوران گایا جائے گا۔

حیدرآباد: جئے جائے تلنگانہ گیت کو 2 جون (یوم تاسیس تلنگانہ) سے ریاست کے سرکاری ترانہ کا موقف حاصل ہوجائے گا۔ اس کے بعد یہ گیت تمام سرکاری تقاریب کے دوران گایا جائے گا۔

حکومت 2 جون کو اے آئی سی سی کی سابق صدر سونیا گاندھی کے ذریعہ ریاستی ترانہ جاری کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔ اگر الیکشن کمیشن اعتراض نہیں کرتا ہے تو حکومت کی جانب سے پریڈ گراؤنڈز سکندر آباد میں سرکاری طور پر یوم تاسیس تقاریب منعقد کرنے کا بھی منصوبہ ہے۔

چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آندے سری کے لکھے ہوئے ”جئے جئے تلنگانہ“ گیت میں کچھ تبدیلیاں کی ہیں۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ اس گیت کو ریاست کی تشکیل سے پہلے تلنگانہ ریاست کی خواہش میں لکھا گیا تھا۔

اب جیسا کہ تلنگانہ ریاست ایک حقیقت بن چکی ہے اس گیت میں کچھ تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ اس گیت کا دورانیہ ڈیڑھ منٹ ہے۔

ریونت ریڈی حکومت نے آسکر ایوارڈ یافتہ میوزک ڈائرکٹر ایم ایم کیروانی کو’جئے جئے تلنگانہ‘ کے لیے موسیقی دینے کی ذمہ داری دی تھی گزشتہ روز ایم ایم کیروانی نے اس گیت کی سی ڈی چیف منسٹر کے حوالہ کر دی۔

2 جون کو تلنگانہ کی تشکیل کی 10ویں سالگرہ بڑے پیمانے پر منائی جائے گی۔ واضح رہے کہ ریاستی کابینہ نے 2 جون کو منعقد ہونے والی تلنگانہ یوم تاسیس تقریب میں بطور مہمان خصوصی سونیا گاندھی کو مدعو کرنے اور ”جئے جئے تلنگانہ“گیت ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

90 سیکنڈ کاگیت ریاست کا درجہ حاصل کرنے کیلئے شہداء تلنگانہ کی قربانیوں، تلنگانہ کی ثقافت اور دیگر پہلوؤں کو بیان کرے گا۔ یہ گیت تلنگانہ کے عوام کو وقف کیا جائے گا۔

a3w
a3w