وزیراعظم بنگلہ دیش شیخ حسینہ کی نئی دہلی آمد
وزیراعظم بنگلہ دیش شیخ حسینہ آج دوپہر نئی دہلی پہنچ گئیں۔ اتوار کے دن وزیراعظم نریندر مودی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لئے سب سے پہلے پہنچنے والی بیرونی ممتازمہمان ہیں۔

نئی دہلی: وزیراعظم بنگلہ دیش شیخ حسینہ آج نئی دہلی پہنچ گئیں۔ اتوار کے دن وزیراعظم نریندر مودی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لئے سب سے پہلے پہنچنے والی بیرونی ممتازمہمان ہیں۔
ایرپورٹ پر ان کا استقبال وزارت ِ خارجہ کے معتمد (پاسپورٹ‘ ویزااور امور سمندر پار ہندوستانی) مکتیش پردیسی نے کیا۔ 2019 میں مودی کی تقریب حلف برداری میں اُس وقت کے صدر بنگلہ دیش عبدالحمید نے شرکت کی تھی۔
شیخ حسینہ پہلے سے طئے مصروفیت کے باعث آنہیں سکی تھیں۔ اس بار مودی کی حلف برداری میں صدر سری لنکا رانیل وکرم سنگھے‘ صدر مالدیپ محمد معزو‘ نائب صدر سیشلس احمد عفیف‘ وزیراعظم ماریشس ہروند کمار جگناتھ‘ وزیراعظم نیپال پشپا کمار داہل پرچنڈہ اور وزیراعظم بھوٹان شیرنگ ٹوگبے بھی شرکت کریں گے۔
اسی دوران نائب صدر سیشلس احمد عفیف بھی نئی دہلی پہنچ گئے۔ ایرپورٹ پر ان کا بھی خیرمقدم مکتیش پردیسی نے کیا۔ پی ٹی آئی کے بموجب وزیراعظم نریندر مودی اور مجلس وزرا کی حلف برداری 9 جون (اتوار) کی شام 7:15 بجے راشٹرپتی بھون میں ہوگی۔
ساؤتھ ایشین اسوسی ایشن فار ریجنل کوآپریشن(سارک) کے رہنماؤں نے مودی کی پہلی تقریب حلف برداری میں شرکت کی تھی۔ ان کی دوسری حلف برداری میں بمس ٹیک ممالک کے قائدین نے شرکت کی تھی۔