حیدرآباد

عوامی ادارے بی جے پی کی جاگیر نہیں: کے سی آر

کے سی آر نے کلکٹریٹ عمارت کی تعمیر پر ضلع کی عوام اور عہدیداروں کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ، ریاست میں 14 ویں نئی انٹگریٹڈ کلکٹریٹ کامپلکس کی عمارت ہے اور ماباقی اضلاع میں بھی عصری تقاضوں سے لیس انٹیگریٹڈ کامپلکس تعمیر کئے جائیں گے۔

حیدرآباد: چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ ریاست برق رفتار ترقی کررہی ہے۔ حکومت، عوامی نمائندوں اور عہدیداروں کی انتھک محنت رنگ لارہی ہے۔ سنہرے تلنگانہ کا خواب پورا ہورہا ہے۔

آج جگتیال میں انٹیگریٹڈ کلکٹریٹ کا مپلکس کے افتتاح کے بعد موتے گراونڈ پر منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کر تے ہوئے کے سی آر نے کہا کہ8 سال قبل جب علیحدہ ریاست تلنگانہ کا خواب پورا ہوا تھا تب ریاست کا بجٹ صرف 62,000 کروڑ روپے ہی تھا مگر اب ریاست کا بجٹ220,000 کروڑ روپے سے تجاوز ہوچکا ہے۔

 انہوں نے خوبصورت کلکٹریٹ عمارت کی تعمیر پر ضلع کی عوام، عوامی نمائندوں اور عہدیداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ، ریاست میں 14 ویں نئی انٹگریٹڈ کلکٹریٹ کامپلکس کی عمارت ہے اور ماباقی اضلاع میں بھی عصری تقاضوں سے لیس انٹیگریٹڈ کامپلکس تعمیر کئے جائیں گے۔

کے سی آر نے کہا کہ تحریک تلنگانہ کے وقت وہ عوام سے متعدد بار ملاقات کرچکے تھے۔ آپ لوگوں نے بھی سیاسی قائدین کے ساتھ پن ڈاون تحریک میں حصہ لیا۔ تلنگانہ کا خواب پورا ہوا۔ تلنگانہ کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے اچھے مواقع دستیاب ہوئے۔

حکومت کی جانب سے سماج کے تمام طبقات کے ایک ایک فرد کو فائدہ پہنچانے کیلئے کام کیا جارہا ہے۔ انہوں نے عہدیداروں کو دستور کے مطابق ہر ایک کے ساتھ انصاف کو یقینی بنانے کیلئے اپنے فرائض ادا کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ بغیر کسی بھید بھاؤ کے آج تک بے شمار پروگرامس اور اسکیموں کو کامیابی سے ہمکنار کیا گیا۔

 اب برقی، آبپاشی کے مسائل قصہ پارینہ ہوچکے ہیں۔ بہترین پالیساں وضع کرتے ہوئے ہر شعبہ میں آج تلنگانہ ملک بھر میں پہلے مقام پر پہنچ چکا ہے۔ یہ سب ایک کے سی آر یا چیف سکریٹری یا وزراء کی محنت نہیں بلکہ ہم سب کی محنت، مشقت لگن، اتحاد و اشتراک کی وجہ سے ممکن ہوسکا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم کو مزید ترقی کیلئے سخت محنت کرنے کی ضرورت ہے۔ کے سی آر نے کہا کہ ضلع جگتیال میں کنڈا گٹو مندر کی ترقی کیلئے ایک سوکروڑ منظور کئے جائیں گے۔ عنقریب اس مندر کو بڑے پیمانے پر ترقی دی جائے گی۔

کے سی آر نے مزید کہا کہ آئندہ دس دنوں میں رعیتو بندھو اسکیم کے تحت تمام اہل کسانوں کے کھاتوں میں رقومات جمع کردی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ رعیتو بندھو جیسی اسکیم پر عمل کرنے والی تلنگانہ واحد ریاست ہے۔ ہمارا مقصد تلنگانہ کے کسانوں کو خوشحال بنانا ہے اور ہم بہت حد تک اپنے ارادوں میں کامیاب بھی ہوئے ہیں۔

انہوں نے ملک سے بھوک و افلاس کے خاتمہ، ملک کے اثاثوں کے تحفظ کیلئے عوام سے تعاون کی اپیل کی ہے۔ کے سی آر نے بی جے پی قیادت کو نشانہ تنقید بناتے ہوئے کہا کہ عوامی اثاثہ جات، املاک آیا آپ کی جاگیر ہے؟ ان اداروں کو کیوں تباہ کیا جارہا ہے۔

 میک ان انڈیا کا نعرہ تو دے دیا مگر ملک میں ہر طرف چائنا بازار دکھائی دے رہے ہیں۔ انہوں نے ملک کے شاندار مستقبل کے تحفظ، قوم کی بھلائی، ملک کی ترقی کیلئے عوام کو سنجیدگی کے ساتھ غور وفکر کی دعوت دی۔