بین الاقوامی

پوٹین کا دورہ منگولیا، چنگیز خان کو خراج، روسی صدر نے بین الاقوامی وارنٹ گرفتاری کو خاطر میں نہیں لایا

روسی صدر ولادیمیر پوٹین نے منگل کے دن منگولیا کا دورہ کیا۔ یوکرین پر روس کے حملہ کے دوران مبینہ جنگی جرائم کے لئے ان کے خلاف بین الاقوامی وارنٹ ِ گرفتاری جاری ہے۔

اولان باتر: روسی صدر ولادیمیر پوٹین نے منگل کے دن منگولیا کا دورہ کیا۔ یوکرین پر روس کے حملہ کے دوران مبینہ جنگی جرائم کے لئے ان کے خلاف بین الاقوامی وارنٹ ِ گرفتاری جاری ہے۔

18 ماہ قبل بین الاقوامی عدالت ِ انصاف (آئی سی جے)کی طرف سے جاری وارنٹ کے بعد آئی سی جے کے رکن ملک کا پوٹین کا یہ پہلا دورہ ہے۔ ان کے دورہ سے قبل یوکرین نے منگولیا سے مطالبہ کیا کہ وہ پوٹین کو پکڑکر دی ہیگ کی عدالت کے حوالہ کردے۔

منگولیا‘ روس کی سرحد پر واقع خشکی بند ملک ہے۔ وہ ایندھن اور برقی کے لئے اپنے سے بہت زیادہ بڑے پڑوسی ملک روس پر بڑی حد تک منحصر ہے۔ منگولیا کے دارالحکومت کے مین چوراہا پر روسی قائد کا خیرمقدم کیا گیا۔

انہیں گارڈ آف آنر دیا گیا۔ انہیں گارڈ آف آنر دینے والے فوجی ایسی سرخ اور نیلی وردی میں ملبوس تھے جو 13 ویں صدی کے حکمراں چنگیز خان کے پرسنل گارڈ پہنا کرتے تھے۔ چنگیز خان نے سلطنت ِ منگولیا کی بنیاد ڈالی تھی۔

پوٹین اور ان کے منگولیائی ہم منصب کھریل سکھ اُکنا سرکاری محل میں سرخ قالین پر چند قدم چلنے اور چنگیز خان کے مجسمہ کے سامنے سر جھکانے کے بعد میٹنگ کے لئے عمارت میں داخل ہوئے۔ ویلکم تقریب سے قبل احتجاجیوں کے ایک چھوٹے گروپ کو جس نے یوکرینی پرچم لہرانے کی کوشش کی تھی‘ پولیس پکڑکر لے گئی۔

منگولیائی ہم منصب کے ساتھ بات چیت میں پوٹین نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات سبھی شعبوں میں فروغ پارہے ہیں۔ انہوں نے منگولیائی صدر کو برکس ممالک کی چوٹی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔ برکس میں روس‘ چین اور دیگر ممالک شامل ہیں اور اس کی چوٹی کانفرنس اکتوبر میں روسی شہر کازان میں منعقد ہونے والی ہے۔

روس کی سرکاری نیوز ایجنسی ریانووستی کے بموجب منگولیائی صدر نے دعوت نامہ قبول کرلیا۔ پیر کے دن یوروپین یونین نے تشویش ظاہر کی تھی کہ منگولیا بین الاقوامی وارنٹ ِ گرفتاری کی تعمیل نہیں کرے گا۔

یوروپین کمیشن کی ترجمان نبیلہ مصر علی نے کہا کہ دیگر ممالک کی طرح منگولیا کو حق حاصل ہے کہ وہ اپنے مفادات کے مطابق بین الاقوامی تعلقات استوار کرے لیکن سال 2002 سے وہ بین الاقوامی عدالت ِ انصاف کا رکن بھی ہے۔ اس کی قانونی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ پوٹین کے خلاف دی ہیگ کی عدالت کے جاری کردہ وارنٹ ِ گرفتاری کی تعمیل کرے۔

a3w
a3w