سنبھل معاملے میں اتر پردیش حکومت کا رویہ افسوسناک: راہل
میں سپریم کورٹ سے اس معاملے میں جلد مداخلت اور انصاف کی درخواست کرتا ہوں۔
نئی دہلی: لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے اتر پردیش کے سنبھل واقعہ میں مارے گئے لوگوں کے تئیں گہری تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے میں اتر پردیش حکومت کا رویہ انتہائی افسوسناک رہا ہے۔
مسٹر گاندھی نے آج یہاں جاری ایک بیان میں کہا، "اتر پردیش کے سنبھل میں حالیہ تنازعہ پر ریاستی حکومت کا متعصبانہ اور جلد بازی کا رویہ انتہائی افسوسناک ہے۔
تشدد اور فائرنگ میں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھویا ہے، ان سے میری گہری تعزیت۔ "انتظامیہ کی طرف سے تمام فریقوں کو سنے بغیراور غیر حساس طریقے سے کی گئی کارروائی نے صورت حال کو مزید خراب کر دیا اور بہت سے لوگوں کی موت کا سبب بنی – جس کے لیے بی جے پی حکومت براہ راست ذمہ دار ہے۔”
انہوں نے کہا، ”بی جے پی کا ہندو مسلم معاشروں میں دراڑ اور تفریق پیدا کرنے کے لیے طاقت کا استعمال نہ تو ریاست اور نہ ہی ملک کے مفاد میں ہے۔
میں سپریم کورٹ سے اس معاملے میں جلد مداخلت اور انصاف کی درخواست کرتا ہوں۔
لوگوں سے امن برقرار رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے، انہوں نے کہا، "میری اپیل ہے کہ امن اور باہمی ہم آہنگی کو برقرار رکھیں۔ ہم سب کو مل کر اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ ہندوستان فرقہ واریت اور نفرت کے بجائے اتحاد اور آئین کے راستے پر آگے بڑھے۔