کئی علاقوں میں بارش اور تیز ہواؤں کا امکان
آئی ایم ڈی یعنی محکمہ موسمیات نے ملک میں آئندہ چند دنوں کے دوران بارش کے حوالے سے اہم پیش گوئی جاری کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 4 سے 10 اکتوبر کے درمیان ملک کی مختلف ریاستوں میں بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
حیدرآباد: آئی ایم ڈی یعنی محکمہ موسمیات نے ملک میں آئندہ چند دنوں کے دوران بارش کے حوالے سے اہم پیش گوئی جاری کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 4 سے 10 اکتوبر کے درمیان ملک کی مختلف ریاستوں میں بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ کئی علاقوں میں گرج چمک اور بجلی کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے، جبکہ بعض مقامات پر تیز ہوائیں بھی چلنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جموں و کشمیر، لداخ، ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ سمیت کئی علاقوں میں اس ہفتے بارش ہونے کا امکان ہے۔ بعض مقامات پر ہواؤں کی رفتار 60 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔ وہیں گوا اور کونکن کے علاقوں میں موسم گرم اور فضا میں نمی زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ ہریانہ، اترپردیش، چندی گڑھ، دہلی اور پنجاب کے بعض علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے۔
اسی طرح بہار، جھارکھنڈ اور اڈیشہ کے ساتھ انڈمان اور نکوبار جزائر میں بھی اس ہفتے بارش ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ شمال مشرقی ریاستوں کی بات کریں تو اروناچل پردیش، ناگالینڈ، منی پور، میزورم اور تریپورہ کے بعض علاقوں میں 5 سے 10 اکتوبر کے درمیان بارش ہوسکتی ہے۔
جنوبی ہندوستان میں بھی کئی علاقوں میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ آندھرا پردیش کے رائل سیما علاقے، کیرالہ، کرناٹک، تمل ناڈو کے ساتھ تلنگانہ کے بعض علاقوں میں 4 سے 6 اکتوبر کے دوران بارش ہوسکتی ہے۔ اس دوران بعض مقامات پر 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گوا کے ساتھ وسطی مہاراشٹرا کے بعض علاقوں میں اس دوران موسم نسبتاً خشک رہ سکتا ہے۔ مجموعی طور پر ملک کے کئی حصوں میں اگلے چند دن موسم میں تبدیلی دیکھنے کو ملے گی، جس کے پیش نظر بارش اور تیز ہواؤں والے علاقوں میں لوگوں کو احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔