ہندوؤں کو مسلمانوں سے یہ بات سیکھنی چاہئے، راجہ بھیا کا اہم بیان (ویڈیو)
جن ستہ دل کے سربراہ کا کہنا ہے کہ مسلمان مختلف سیاسی جماعتوں میں ہونے کے باوجود مذہب کو اولین ترجیح دیتے ہیں، ہندوؤں کو بھی سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر اپنی مذہبی شناخت کو ترجیح دینی چاہئے۔
لکھنو/پرتاپ گڑھ(یوپی)۔ (پی ٹی آئی) اترپردیش کے رکن اسمبلی اور جن ستہ دل (لوک تنترک) کے سربراہ کنور رگھوراج پرتاپ سنگھ عرف راجہ بھیا نے ہفتہ کے دن کہا کہ ہندوؤں کو اسلام سے سیکھنا چاہئے کہ کیسے متحد رہنا چاہئے۔
وہ پی ٹی آئی ویڈیو کے اس سوال کا جواب دے رہے تھے کہ آیا کوئی آئیڈیالوجی ہے جو ہندوؤں کو متحد رکھ سکتی ہے۔ حلقہ کنڈا کے رکن اسمبلی نے کہا کہ اس سلسلہ میں ہمیں اسلام سے سیکھنا چاہئے۔
کئی مسلمان کانگریس میں ہیں، کئی سماج وادی پارٹی میں اور کئی دیگر سیاسی جماعتوں میں یہاں تک کہ بایاں بازو جماعتوں میں تک ہیں۔ اس کے باوجود اسلام ان کی ترجیح (پراتھمکتا) ہے۔ ہندوؤں کو کسی واحد سیاسی جماعت کی باؤنڈری میں محدود نہیں رہنا چاہئے۔ ہندوتوا کا مسئلہ جب بھی آتا ہے انہیں یاد رکھنا چاہئے کہ پہلے وہ ہندو ہیں۔
سیاسی جماعتیں آتی جاتی رہتی ہیں۔ ہمارا نظریہ ہماری آستھا سناتن دھرم اور سناتن روایتوں کے سلسلہ میں پکی ہونی چاہئے۔ ہمیں اس کا کھل کر اظہار کرنا چاہئے۔ اس سوال پر کہ ہندوتوا کے نام پر بھی سیاسی جماعتیں بٹی ہوئی دکھائی دیتی ہیں راجہ بھیا نے کہا کہ بھگوان کا سی سی ٹی وی کیمرہ نہ صرف باہر سے بلکہ اندر کی بھی تصویر لے لیتا ہے۔ بھگوان سے کچھ بھی چھپا نہیں ہے۔
ان سے پوچھا گیا تھا کہ بعض سیاسی جماعتیں سافٹ ہندوتوا کا نام لیتی ہیں اور بعض ہارڈکور ہندوتوا پر زور دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں کسی مخصوص جماعت کا نام لینا نہیں چاہتا لیکن میرا یہ کہنا ہے کہ آج ایک یا دو استثنیٰ کو چھوڑ کر تمام سیاسی جماعتیں ایسی ہیں جو ہندوؤں میں اتحاد نہیں چاہتیں۔