سنگما حکومت کا کرپشن، امیت شاہ کے ریمارکس کی تحقیقات ہوں
جئے رام رمیش نے سی بی آئی ڈائرکٹر سبودھ جیسوال کو ایک مکتوب روانہ کیا ہے اور تحقیقاتی ایجنسی سے کہا ہے کہ وہ مرکزی وزیر داخلہ سے ان کے اس تبصرہ کے بارے میں تحقیقات کرے جس میں انہوں نے میگھالیہ کی کونراڈ سنگما کی پچھلی میعاد کو بدعنوان قراردیا تھا۔
نئی دہلی: کانگریس جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے سی بی آئی ڈائرکٹر سبودھ جیسوال کو ایک مکتوب روانہ کیا ہے اور تحقیقاتی ایجنسی سے کہا ہے کہ وہ مرکزی وزیر داخلہ سے ان کے اس تبصرہ کے بارے میں تحقیقات کرے جس میں انہوں نے میگھالیہ کی کونراڈ سنگما کی پچھلی میعاد کو بدعنوان قراردیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اس دعویٰ کی تحقیقات کی جائیں۔ جیسوال کے نام اپنے مکتوب میں جئے رام رمیش نے کہا کہ امیت شاہ نے 17 فروری 2023 کو اپنی تقریر میں کہاتھا کہ میگھالیہ کی اُس وقت کی حکومت ملک کی انتہائی بدعنوان حکومت تھی۔ انہوں نے کہا کہ امیت شاہ ہندوستان کے وزیر داخلہ بھی ہیں۔
بحیثیت وزیر داخلہ انہیں یقینا اندر کی معلومات اور حقائق تک رسائی حاصل ہوگی جس کی وجہ سے وہ اس نتیجہ پر پہنچے تھے۔
رمیش نے اپنے مکتوب مورخہ 21 مارچ میں جسے انہوں نے آج ٹویٹ کیا‘ کہا کہ چند ناقابل وضاحت وجوہات کی بناء پر وزیر داخلہ نے جو بی جے پی کے سابق صدر بھی ہیں‘ اُس وقت کی میگھالیہ حکومت کی بدعنوانیوں کے خلاف کوئی کارروائی کرنے سے قاصر رہے تھے اسی لئے ملک کے اعلیٰ ترین مفاد میں ہم آپ سے اپیل کرتے ہیں کہ شری امیت شاہ کو طلب کیا جائے اور ان سے کہا جائے کہ وہ تمام معلومات اور حقائق داخل کریں جس کے نتیجہ میں وہ یہ اندازہ قائم کرسکے تھے اور اس معاملہ کی تحقیقات کی جائیں۔
کانگریس قائد نے کہا کہ ہم آپ سے یہ بھی اپیل کرتے ہیں کہ آپ اس امر کی تحقیقات کریں کہ آیا وزیر داخلہ اپنی پارٹی یا دیگر طاقتوں کے دباؤ میں تھے جس کی وجہ سے انہوں نے میگھالیہ میں کرپشن کے بارے میں معلومات کا افشاء نہیں کیا۔
میگھالیہ کے حالیہ اسمبلی انتخابات کے بعد انہوں نے اسی پارٹی کے ساتھ اتحاد کیا اور اُسی شخص کو دوبارہ چیف منسٹر بنایا گیا (جس کے خلاف الزامات تھے)۔