ویڈیو: کانگریس زیادہ بچے پیدا کرنے والے مسلمانوں میں عوامی دولت تقسیم کرے گی۔ وزیراعظم کے بیان پراپوزیشن کی تنقید
مودی نے الزام عائد کیاتھاکہ کانگریس نے عوام کی محنت سے کمائی ہوئی دولت اورقیمتی اثاثہ جات دراندازوں میں اوران کے بچوں کی بڑی تعدادمیں تقسیم کرے گی۔

نئی دہلی: راجستھان کی ایک انتخابی ریالی میں وزیراعظم مودی کے بیان پراپوزیشن لیڈروں نے آج تنقید کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس کے خلاف الیکشن کمیشن سے رجوع ہوں۔
جنرل سکریٹری کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا(مارکسٹ) سیتارام یچوری نے ایکس پر تحریرکردہ پیان میں کہاکہ وزیراعظم کا بیان جبکہ ظالمانہ ہے اس پر الیکشن کمیشن کی خاموشی اس سے بھی بدترہے۔
یچوری نے اپنے پیام میں کہاکہ مودی کی شعلہ بیان تقریر انتخابی ضابطہ اخلاق اورنفرتی تقریر پر صادر کردہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہاکہ یہ بیان سخت ترین کاروائی اورعدالت کی عدول حکمی کے مترادف ہے۔انہوں نے کہاکہ انہیں امید ہے کہ سپریم کورٹ اس کے خلاف ازخود کاروائی کرتے ہوئے شعلہ انگیز تقریرپر مودی کونوٹس بھیجنے کے بعد سخت سزاصادر کرے گی۔
پارٹی ذرائع نے بتایاکہ اس تعلق سے تشویش رکھنے والے شہریوں کی دستخط کردہ ایک درخواست الیکشن کمیشن کو بھی روانہ کی جائے گی۔ ترنمول کانگریس لیڈر ساکت گوکھلے نے بھی عوام سے اپیل کی کہ وہ مودی کے بیان کے خلاف الیکشن کمیشن کو درخواست پیش کرے۔
ٹی ایم سی کے رکن راجیہ سبھانے ایکس پرتحریرکردہ پیام میں چیف الیکشن کمیشن کو ذریعہ ای میل روانہ کردہ اپیل شئیر کیا اورعوام سے اپیل کی کہ وہ بھی اپنی درخواستیں روانہ کریں اورمزیدکہاکہ الیکشن کمیشن اپوزیشن کی شکایتوں کی سماعت بھی نہیں کرتا۔
گوکھلے نے مزیدکہاکہ الیکشن کمیشن نے اپوزیشن کو نظرانداز کردیاہے اورمودی و بی جے پی کوکھلی چھوٹ دے دیاہے۔ انتخابات کے دوران الیکشن کمیشن سیاسی جماعتوں کوجواب دہ نہیں ہے لیکن وہ ہندوستان کے عوام کو جوابدہ ہے۔ گوکھلے نے یہ بات کہی۔
انہوں نے زوردے کر کہاکہ کم از کم ایک ہزارذمہ دارشہری چیف الیکشن کمشنرکومختصر ای میل پیام روانہ کرتے ہوئے مودی کے خلاف سخت کاروائی کامطالبہ کریں۔
راجستھان کے ضلع بانسواڑہ میں اتوارکے دن ایک ریالی کومخاطب کرتے ہوئے کہاتھاکہ اگرکانگریس اقتدار پر آئے گی تووہ مسلمانوں میں ملک کی دولت کی ازسرنوتقسیم کرے گی۔
مودی نے الزام عائد کیاتھاکہ کانگریس نے عوام کی محنت سے کمائی ہوئی دولت اورقیمتی اثاثہ جات دراندازوں میں اوران کے بچوں کی بڑی تعدادمیں تقسیم کرے گی۔