مشرق وسطیٰ

سعودی عرب: حج ضوابط کی خلاف ورزی پر 5 افغان باشندے گرفتار

سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق گرفتار کیے گئے افغان باشندے مکہ مکرمہ کے ایک صحرائی راستے سے پیدل چل کر حدودِ حرم میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے، جو کہ حج ضوابط کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

مکہ مکرمہ: سعودی عرب میں حج سیکورٹی فورسز نے مکہ مکرمہ میں بغیر حج پرمٹ کے غیر قانونی طور پر داخل ہونے کی کوشش (حج ضوابط کی خلاف ورزی) کرنے والے 5 افغان باشندوں کو گرفتار کرلیا ہے۔

سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق گرفتار کیے گئے افغان باشندے مکہ مکرمہ کے ایک صحرائی راستے سے پیدل چل کر حدودِ حرم میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے، جو کہ حج ضوابط کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

حکام کے مطابق، تمام گرفتار ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ سعودی محکمہ پبلک سیکیورٹی نے تمام شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں پر زور دیا ہے کہ وہ حج کے ضوابط اور حکومتی ہدایات کی سختی سے پابندی کریں۔

پبلک سیکیورٹی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی قانون شکن یا خلاف ورزی کے مرتکب فرد کی فوری اطلاع دیں۔ مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، ریاض اور مشرقی صوبے (الشرقیہ) کے رہائشی 911 پر، جبکہ مملکت کے دیگر تمام علاقوں کے رہائشی 999 پر کال کر کے متعلقہ اداروں کو مطلع کریں۔