تلنگانہ کو دنیا میں نمبرون بنانے 4کروڑعوام سے تعاون طلب
وزیراعلی تلنگانہ ریونت ریڈی نے ریاست کو دنیا میں نمبرون بنانے کیلئے 4کروڑعوام سے تعاون طلب کیا۔
حیدرآباد: وزیراعلی تلنگانہ ریونت ریڈی نے ریاست کو دنیا میں نمبرون بنانے کیلئے 4کروڑعوام سے تعاون طلب کیا۔
انہوں نے یوم تاسیس تلنگانہ کے موقع پر پریڈگراونڈس سکندرآباد میں منعقدہ اصل تقریب میں قومی پرچم لہرایااور مسلح پولیس دستوں کی سلامی لی۔
انہوں نے تلنگانہ کے سرکاری ترانہ کو بھی جاری کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ریاست کے عوام سے خطاب کرتے ہوئے تاریخ کا جائزہ لینے اور اصلاح کے لیے سیاسی، انتظامی، صحافتی،عدالتی اور سماجی نظام کے لئے تعاون پر زور دیا۔
انہوں نے اعلان کیا ہے کہ تلنگانہ کو 3 زونس میں تقسیم کیا جائے گا۔ حیدرآباد آوٹر رنگ روڈ کے تحت علاقہ کو اربن تلنگانہ، آوٹر رنگ روڈ سے ریجنل رنگ روڈ علاقہ کو سب اربن تلنگانہ اور ریجنل رنگ روڈ سے تلنگانہ کی سرحد تک کو رورل تلنگانہ کے طور پر تقسیم کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ تینوں علاقوں کے ترقیاتی منصوبوں کا جلد اعلان کیا جائے گا۔ریونت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ کی طرز زندگی آزادی ہے یہاں کے لوگ غلامی کو برداشت نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ محبت پھیلانا اور اجارہ داری پر سوال اٹھانا ریاست کے عوام کی عادت ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہاں کا معاشرہ فلاح و بہبود کی آڑ میں استحصال ہوتا دیکھا تو اسے برداشت نہیں کرے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ کانگریس کے دور میں حکمرانوں اور عوام کے درمیان کھڑی دیواریں توڑ دی گئیں۔ اس کی واضح مثال اندرا پارک میں دھرنے کی اجازت دینا ہے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو عزت دی گئی۔
ریونت ریڈی نے تلنگانہ کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے پر کانگریس لیڈر سونیا گاندھی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی حکومت کے لئے وہ تمام کا تعاون چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سماجی اور معاشی تعمیر نو اور احیا کے لیے سخت فیصلے ناگزیر ہیں۔
یہ کہتے ہوئے کہ ریاست کے سامنے چیلنجس ہیں، انہوں نے کہا کہ دریائے کرشنا اور گوداوری کے پانی کا حصہ تلنگانہ کے لئے ہونا چاہئے۔ حیدرآباد مشترکہ دارالحکومت کے طورپر ختم ہوگا اور آندھرا پردیش کے ساتھ وسائل کی تقسیم کے مسائل جلد حل ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ گرین تلنگانہ 2050 کا ماسٹر پلان تیار کیا جا رہا ہے، آبپاشی پراجکٹس کو اولین ترجیح دی جائے گی اور ریاست سے منشیات کا مکمل خاتمہ کرنے کے لیے تمام اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ابھئے ہستم ضمانتوں کے نفاذ کے لیے 28 لاکھ درخواستیں موصول ہوئی ہیں اور ان کے حل کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کا خواب شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کی خواہشات کی عکاسی کے لیے تلنگانہ کے نشان کی اجرائی عمل میں لائی جائے گی۔
موسی ندی کو خوبصورت بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ حکومت نے عام آدمی کو سکریٹریٹ آنے کی سہولت فراہم کی۔ پرجا دربار ہر منگل اور جمعہ کو پرجا بھون میں منعقد کیاجارہا ہے۔
انہوں نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ ملازمین اور وظیفہ یابوں کو پہلی تاریخ کو تنخواہیں اور وظائف کی فراہمی کو یقینی بنایاجارہا ہے،ریجنل رنگ روڈ کی تعمیر نو میں تیزی پیدا کردی گئی ہے۔سرکاری احکامات، گاڑیوں کے ناموں کو ٹی ایس سے ٹی جی میں تبدیل کیاگیا ہے۔
22825 اسکولوں میں 1135 کروڑروپئے سے ہنر مندی کے تربیتی مراکز قائم کرنے کے لیے ٹاٹا گروپ کے ساتھ معاہدہ کیاگیا۔6 مارچ کو ریکارڈ 298.19 ملین یونٹ بجلی فراہم کی گئی،غریبوں کے لیے 200 یونٹ تک مفت بجلی دی جارہی ہے۔
راجیو آروگیہ شری اسکیم کے کوریج کو بڑھا کر 10 لاکھ روپے کر دیاگیا۔70 دنوں کے اندر 30 ہزار افراد کو روزگار کی دستاویزات فراہم کئے گئے۔میگا ڈی ایس سی کے ذریعہ 11062 ملازمتوں کو پُرکرنے کے لیے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اگر کسان اچھا ہوگا تو ریاست کی بھلائی ہوگی، انہوں نے کہا کہ رعیتو بھروسہ کے تحت 69 لاکھ کسانوں کو 7500 کروڑ روپے فراہم کیے گئے ہیں۔دھان کی خریداری کو یقینی بنایاجارہا ہے۔دھرانی پورٹل کے مسائل کو دور کرنے کے لیے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ حکومت روزگار کے مواقع کو بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے بہترین خدمات انجام دینے والے پولیس عہدیداروں اور پریڈ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے دستوں کو ایوارڈس پیش کئے۔
اس موقع پر قانون ساز کونسل کے صدرنشین جی سکھیندر ریڈی، قانون ساز اسمبلی کے اسپیکرجی پرساد، کئی وزرا، عوامی نمائندے، چیف سکریٹری شانتی کماری، ڈی جی پی روی گپتا اور کئی سینئر عہدیدار موجود تھے۔