نوجوان نے جان پر کھیل کر معصوم بچہ کو کرنٹ لگنے سے بچایا
چینائی کے علاقہ ارومباکم میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جس میں ایک تیسری جماعت کے طالبعلم کو زیر زمین بجلی کی کیبل سے کرنٹ لگا اور وہ پانی میں گر کر بے ہوش ہو گیا۔ اسی دوران وہاں سے گزرنے والے ایک نوجوان، کنن نے جان کی پرواہ کیے بغیر بچے کو بچا لیا۔

چینائی۔ چینائی کے علاقہ ارومباکم میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جس میں ایک تیسری جماعت کے طالبعلم کو زیر زمین بجلی کی کیبل سے کرنٹ لگا اور وہ پانی میں گر کر بے ہوش ہو گیا۔ اسی دوران وہاں سے گزرنے والے ایک نوجوان، کنن نے جان کی پرواہ کیے بغیر بچے کو بچا لیا۔ ان کی بروقت کارروائی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے اور عوام انہیں حقیقی ہیرو قرار دے رہے ہیں۔
24 سالہ کنن، جو چینائی میں ڈپلوما انجینئر کی حیثیت سے کام کرتے ہیں، اس وقت اپنی موٹر سائیکل پر دفتر جا رہے تھے۔ انہوں نے جب بچے کو پانی میں تڑپتے دیکھا، تو فوراً گاڑی روک کر بچہ کی جان بچائی۔ انہوں نے بتایا: “مجھے پہلے لگا بچہ پھسل گیا ہے، میں فوراً پانی میں کود پڑا، بچے کو کھینچ کر باہر نکالا اور یوٹیوب سے سیکھے ہوئے طریقے سے سی پی آر دیا۔”
انہوں نے بچے کو قریبی اسپتال بھی پہنچایا۔ بچہ کے والد کا کہنا ہے کہ بیٹا طبیعت خراب ہونے کے باوجود امتحان دینے گیا تھا۔ ہمیں کنن کے بارے میں کچھ معلوم نہ تھا، اس نے اسکول کارڈ سے میرا نمبر نکالا اور خود فون کیا۔ ہم روزانہ اس کے لیے دعا کرتے ہیں۔
واقعہ کی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ زیر زمین کیبل میں چھوٹا سا سوراخ روڈ ورکس کے دوران لگا، جو گریٹر چینائی کارپوریشن کے تحت ہوا۔ ٹی این پی ڈی سی ایل کے اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر نے اس کی تصدیق کی اور کہا کہ
“ٹھیکیدار کی جانب سے کی گئی کھدائی کے دوران کیبل کو نقصان پہنچا، جو بجلی کے کرنٹ کا سبب بنی۔”
سی سی ٹی وی فوٹیج وائرل ہونے کے بعد کنن کو سوشل میڈیا پر بے پناہ خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔ لوگ انہیں "چینائی کا بہادر سپاہی” کہہ رہے ہیں اور ان کی ہمت کو سلام پیش کیا جا رہا ہے۔