شرد پوار اور اجیت پوار ایک ساتھ آتے دکھائی دے رہے: سنجے راوت
مجھے یقین ہے کہ شرد پوار‘ اجیت پوار کے ساتھ مہاوکاس اگھاڑی میں آئیں گے: راوت
ممبئی: ادھو ٹھاکرے کی قیادت والی شیو سینا کے راجیہ سبھا ایم پی اور چیف ترجمان سنجے راوت نے آج دعویٰ کیا کہ مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار بی جے پی کی قیادت والے مہایوتی اتحاد کی حکومت سے الگ ہو کر اپوزیشن مہا وکاس اگھاڑی (ایم وی اے) میں شامل ہوں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ’’مجھے یقین ہے کہ شرد پوار اجیت پوار کے ساتھ مہا وکاس اگھاڑی میں آئیں گے۔‘‘
راوت نے کہاکہ "اجیت پوار حکمراں مہاوتی اتحاد کے ساتھ ہیں لیکن ساتھ ہی انہوں نے حزب اختلاف کی مہا وکاس اگھاڑی کے ساتھ بھی تعلقات بنائے ہوئے ہیں۔ اس کی وجہ سے حکمراں مہاوتی اتحاد کی طرف سے ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔”
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا اجیت پوار کو مہایوتی حکومت چھوڑنی پڑے گی، تو راوت نے جواب دیاکہ’’انہیں چھوڑنا ہی پڑے گا۔ آپ ایک وقت میں دو کشتیوں میں سفر نہیں کر سکتے۔ آخرکار آپ کو ایک طرف کا انتخاب کرنا ہی ہوگا۔ مجھے یقین ہے کہ آنے والے دنوں میں شرد پوار اور اجیت پوار اپوزیشن مہا وکاس اگھاڑی میں ایک ساتھ نظر آئیں گے۔‘‘
واضح رہے کہ حال ہی میں پمپری-چنچواڑ میونسپل کارپوریشن (پی سی ایم سی) کے انتخابات میں شرد پوار کی قیادت والی این سی پی اور نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کی قیادت والی حریف این سی پی نے اتحادی طور پر مقابلہ کیا تھا، جس سے اجیت پوار کے آئندہ سیاسی قدموں پر قیاس آرائیاں شروع ہو گئیں۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ اجیت پوار کے خلاف مبینہ آبپاشی گھپلے کی فائلوں کا کیا ہوگا، تو راوت نے کہاکہ ’’بی جے پی نے پہلے ہی اجیت پوار کو کلین چٹ دے دی ہے؟ کیا اس فائل میں کچھ ہے یا یہ صرف خالی خوف پھیلانا ہے؟‘‘
انہوں نے کہاکہ ’’انہوں نے چھگن بھجبل کے خلاف بھی بہت سے الزامات لگائے تھے۔ وہ ڈھائی سال جیل میں رہے، جیسے میں بھی کچھ وقت جیل میں رہا لیکن بھجبل تمام مقدمات میں بری ہو گئے۔ وہ بے قصور ہیں۔ مرکزی وزارت داخلہ اور ای ڈی کو اس پر معافی مانگنی چاہیے۔‘‘
فی الحال نہ شرد پوار اور نہ ہی ان کے بھتیجے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے راوت کے دعووں پر کوئی ردعمل دیا ہے، تاہم اس نے سیاسی قیاس آرائیوں کو جنم دے دیا ہے۔