ہر خاندان کیلئے 5 لاکھ کا بیمہ، جانئے کب اور کیسے ہوگا اندراج
اندرا اماں کٹمبا جیوتیما بیمہ اسکیم کے تحت ذات، مذہب اور آمدنی کی تفریق کے بغیر ہر خاندان کو 5 لاکھ روپے کا لائف انشورنس تحفظ فراہم کرنے کا اعلان۔
حیدرآباد (منصف نیوز بیورو) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکہ نے جمعہ کے روز کہا کہ تلنگانہ اندراماں کٹمبا جیوتیما بیمہ پتھکم کے ذریعہ ملک کی پہلی اور واحد ریاست بننے جا رہی ہے جہاں ہر خاندان کو یونیورسل لائف انشورنس کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
اس اسکیم کے لیے 19 نومبر سے اندراج کا عمل شروع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ریاست میں بعض انشورنس اسکیمیں متعارف کروائی گئی تھیں، لیکن وہ مخصوص محکموں اور منتخب طبقات تک محدود تھیں۔ حکومت کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ اگر کسی خاندان کا کمانے والا فرد فوت ہوجائے تو اس کے اہل خانہ کو معاشی مشکلات کا سامنا کرنا نہ پڑے۔
اسی مقصد کے تحت چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کی قیادت میں کابینہ نے فیصلہ کیا کہ ریاست کے ہر خاندان کو لائف انشورنس کا تحفظ فراہم کیا جائے۔ بھٹی وکرامارکہ نے کہا کہ اندراماں کٹمبا جیوتیما بیمہ پتھکم حقیقی معنوں میں ایک جامع لائف انشورنس اسکیم ہے۔ اس اسکیم کے تحت 5 لاکھ روپے کا بیمہ تمام خاندانوں کو فراہم کیا جائے گا، جس میں ذات، مذہب، طبقہ اور آمدنی کی کوئی قید نہیں ہوگی۔
اسکیم کا باضابطہ آغاز چیف منسٹر ریونت ریڈی کریں گے۔ تمام اضلاع کے کلکٹرس اور اعلیٰ سرکاری عہدیداروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ 19 نومبر سے ریاست بھر کے ہر گاؤں، قصبے اور شہر میں ایک ساتھ بڑے پیمانے پر استفادہ کنندگان کے اندراج کا عمل شروع کیا جائے گا تاکہ تمام اہل خاندانوں کو اس اسکیم کے دائرے میں لایا جاسکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس اسکیم کے بارے میں عوام میں بڑے پیمانے پر شعور بیدار کیا جائے اور 19 نومبر سے شروع ہونے والے اندراج کے عمل کے سلسلے میں 17 اور 18 نومبر کو تمام دیہاتوں میں ڈھول اور اعلانات کے ذریعہ تشہیر کی جائے۔