رقم کیلئے بہن کا ڈھانچہ بینک پہنچ گیا: انسانیت کو شرمسار کر دینے والا واقعہ (ویڈیو)
جیتو کی 62 سالہ بہن، کالرا منڈا کا دیہانت 26 جنوری کو ہوا تھا۔ بہن نے اپنے اکاؤنٹ میں کسی کو 'نامزد' (Nominee) نہیں کیا تھا، جس کی وجہ سے بینک حکام نے رقم دینے سے انکار کر دیا اور ثبوت کے طور پر قانونی دستاویزات کا مطالبہ کیا۔
نئی دہلی: رقم کے لیے بہن کا ڈھانچہ بینک پہنچ گیا: اوڈیشہ میں انسانیت کو شرمساار کر دینے والا واقعہ
اوڈیشہ کے ضلع کیندوجھر میں ایک انتہائی دردناک اور عجیب و غریب واقعہ پیش آیا ہے، جہاں ایک بے بس بھائی کو اپنی متوفی بہن کے بینک اکاؤنٹ سے محض 20 ہزار روپے نکلوانے کے لیے اس کا ڈھانچہ (کنکال) بینک لانا پڑا۔
یہ واقعہ اوڈیشہ گرامین بینک کی ملی پاسی شاخ کا ہے۔ 59 سالہ جیتو منڈا، جو کہ ایک قبائلی اور ان پڑھ شخص ہے، پیر کی صبح تقریباً 3 کلومیٹر کا سفر طے کر کے اپنی بہن کا ڈھانچہ ایک پلاسٹک کے تھیلے میں بھر کر بینک پہنچا۔ اس نے ڈھانچہ بینک کے باہر رکھ دیا تاکہ حکام کو یقین دلائے کہ اس کی بہن مرچکی ہے۔
جیتو کی 62 سالہ بہن، کالرا منڈا کا دیہانت 26 جنوری کو ہوا تھا۔ بہن نے اپنے اکاؤنٹ میں کسی کو ‘نامزد’ (Nominee) نہیں کیا تھا، جس کی وجہ سے بینک حکام نے رقم دینے سے انکار کر دیا اور ثبوت کے طور پر قانونی دستاویزات کا مطالبہ کیا۔ جیتو کا کہنا ہے کہ وہ بار بار بینک کے چکر لگا کر تھک گیا تھا، جس کے بعد اس نے مجبور ہو کر یہ قدم اٹھایا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور جیتو کو سمجھا بجھا کر تحصیل آفس سے ‘قانونی وارث کا سرٹیفکیٹ’ بنوانے کا مشورہ دیا۔ پولیس نے بہن کے ڈھانچے کو واپس لے جا کر دوبارہ دفن کر دیا۔
تھانہ انچارج کرن پرساد ساہو نے بتایا کہ جیتو ان پڑھ ہے اور بینک حکام اسے صحیح طریقے سے طریقہ کار سمجھانے میں ناکام رہے۔
اوڈیشہ کے وزیر سلیش پجاری نے اس واقعے پر گہرے دکھ اور غصے کا اظہار کیا ہے۔ وزیر نے اسے اپنی زندگی کا سب سے شرمناک واقعہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر بینک حکام نے بدتمیزی کی ہے تو ان کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔
ضلع کلکٹر کی مداخلت کے بعد اب جیتو کو واجب الادا رقم ادا کر دی گئی ہے۔