حیدرآباد

اسکائی روٹ کا پہلا مداری راکٹ ‘وکرم-1’ 18 جولائی کو خلا میں روانہ ہوگا

حیدرآباد کی نجی خلائی کمپنی اسکائی روٹ ایرو اسپیس 18 جولائی کو صبح 11:30 بجے سری ہری کوٹہ کے ستیش دھون خلائی مرکز سے اپنے پہلے مداری راکٹ 'وکرم-1' کا آزمائشی پرواز کرے گی۔ یہ کسی نجی طور پر تیار کردہ ہندوستانی راکٹ کی پہلی مداری لانچ کوشش ہوگی۔

حیدرآباد: حیدرآباد کی نجی خلائی کمپنی اسکائی روٹ ایرو اسپیس 18 جولائی کو صبح 11:30 بجے سری ہری کوٹہ کے ستیش دھون خلائی مرکز سے اپنے پہلے مداری راکٹ ‘وکرم-1’ کا آزمائشی پرواز کرے گی۔ یہ کسی نجی طور پر تیار کردہ ہندوستانی راکٹ کی پہلی مداری لانچ کوشش ہوگی۔


"مشن آگمن” کے نام سے موسوم اس مشن کو عالمی مداری لانچ مارکیٹ میں ہندوستان کے نجی شعبے کے داخلے کی اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔


کمپنی کے شریک بانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر پون کمار چندنا نے کہا کہ تمام زمینی آزمائشیں مکمل ہو چکی ہیں اور اب حقیقی پرواز میں راکٹ کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔ ان کے مطابق اس مشن سے حاصل ہونے والا ڈیٹا مستقبل میں باقاعدہ لانچ پروگرام کی بنیاد بنے گا۔


وکرم-1 مختلف اداروں کے ٹیکنالوجی ڈیمونسٹریشن پے لوڈز کے علاوہ کاسمک بلوم نامی فن پارہ اور ایک مائیکرو آرٹ پے لوڈ بھی خلا میں لے جائے گا۔


کمپنی کے شریک بانی اور چیف آپریٹنگ آفیسر ناگا بھارت ڈاکا نے کہا کہ اس مشن میں تقریباً ایک ہزار افراد، 400 سے زائد سپلائرز اور لگ بھگ 3,000 دن کی محنت شامل ہے۔ ان کے مطابق پرواز سے حاصل ہونے والا ڈیٹا گزشتہ برسوں میں تیار کی گئی تمام ٹیکنالوجیز کی توثیق میں مدد دے گا۔


کمپنی نے بتایا کہ وکرم-1 کے تمام مراحل لانچ پیڈ پر نصب کیے جا چکے ہیں اور حتمی تکنیکی جانچ بھی مکمل کر لی گئی ہے۔