دیش کا نیتا کیسا ہو‘ نتیش کمار جیسا ہو کے نعرے
کڑاکے کی سردی اور ٹھنڈی ہواؤں کے باوجود لوگ نتیش بابو کی تقریر مکمل ہونے تک ڈٹے رہے۔ آئی اے این ایس کے بموجب چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے گھرانہ شاہی سیاست پر لالو پرساد یادو کو نشانہ بنایا۔

پٹنہ: چیف منسٹر بہار کی جنتادل یو کے زیراہتمام پٹنہ میں چہارشنبہ کو ریالی میں جسے لوک سبھا الیکشن سے قبل طاقت کے مظاہرہ کے طورپر دیکھا جارہا ہے ”دیش کا نیتا کیسا ہو‘ نتیش کمار جیسا ہو“ کے نعرے لگے۔ بڑے او بی سی قائد اور نتیش کمار کے سرپرست سابق چیف منسٹر بہار کرپوری ٹھاکر کے 100 ویں یوم ِ پیدائش پر جنتادل یو نے ”اتی پچھڑا سمیلن“ کا اہتمام کیا تھا۔
کرپوری ٹھاکر کو کل ہی بھارت رتن (بعداز مرگ) دینے کا اعلان ہوا ہے۔ گزشتہ ماہ جنتادل یو کی کمان سنبھالنے والے نتیش کمار زور دے کر کہتے رہے ہیں کہ اپوزیشن انڈیا بلاک کا اہم قائد ہونے کے باوجود وہ کوئی شخصی عزائم نہیں رکھتے۔
جنتادل یو سربراہ کثیر مجمع کو دیکھ کر خوش دکھائی دیئے۔ پٹنہ کے وٹرنری کالج گراؤنڈ میں کم ازکم 2لاکھ کا مجمع تھا۔ گزشتہ 2 دن سے ریاست بھر سے جنتادل یو ورکرس کا تانتا بندھا تھا۔ کئی ورکرس نے ریالی گراؤنڈ سے 2کیلو میٹر دور ملر ہائی اسکول گراؤنڈ میں خیمے گاڑھ دیئے تھے۔
جنتادل یو حامیوں نے سارے پٹنہ شہر کو اتی پچھڑا سمیلن کے پوسٹرس سے بھردیا۔ دوپہر سے پہلے ہی گراؤنڈ بھر چکا تھا۔ کڑاکے کی سردی اور ٹھنڈی ہواؤں کے باوجود لوگ نتیش بابو کی تقریر مکمل ہونے تک ڈٹے رہے۔ آئی اے این ایس کے بموجب چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے گھرانہ شاہی سیاست پر لالو پرساد یادو کو نشانہ بنایا۔
انہوں نے کہا کہ جن نائک کرپوری ٹھاکر بہار کے سب سے بڑے سوشلسٹ رہنما تھے لیکن انہوں نے اپنے خاندان کے کسی بھی رکن کو پروموٹ نہیں کیا۔ وہ ہمیشہ بہار کے عام آدمی کے بارے میں سوچتے تھے لیکن بعض لوگ صرف اپنے ارکان خاندان کو بڑھاوا دیتے ہیں اور انہیں نیتا بناتے ہیں۔
نتیش بابو نے لالو پرساد یادو کے بظاہر حوالہ سے یہ طنز کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے کرپوری ٹھاکر کے بیٹے رام ناتھ ٹھاکر کو کابینی وزیر بنایا۔ پارٹی کا جنرل سکریٹری بنایا اور اب وہ جنتادل یو کا رکن راجیہ سبھا ہے۔