جموں و کشمیر

کشمیر میں ہفتے کی شام سے برف باری شروع ہونے کا امکان

شمالی کشمیر کے بارہمولہ اور بانڈی پورہ اضلاع میں شبانہ درجہ حرارت بالترتیب منفی 4.8 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی2.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

سری نگر: محکمہ موسمیات کی طرف سے 4 جنوری کی شام سے 6 جنوری کی صبح تک درمیانی سے بھاری برف باری کی پیش گوئی کے بیچ وادی کشمیر میں ٹھٹھرتی سردیوں کا راج برقرار ہے۔

متعلقہ خبریں
آج سے 4دنوں تک بارش کا امکان
تلنگانہ میں آئندہ 24 گھنٹے میں تیز ہوائیں چلنے کا امکان
حیدرآباد میں جاریہ ماہ زائد درجہ حرارت کی پیش قیاسی

سری نگر اور دیگر ملحقہ علاقوں میں جمعہ کی صبح گہری دھند چھائی رہی جس سے لوگوں کو چلنے پھرنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

فجر کی ادائیگی کے لئے مسجدوں میں جانے والے نمازیوں کو سیل فونوں کی لائٹس کا استعمال کرنا پڑا وہیں ڈرائیور حضرات بھی صبح کے وقت ہیڈ لائٹس آن کرکے ہی گاڑیاں چلا سکے۔

تاہم وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ دھند مدھم ہوتی گئی اور روشنی نے معمولات زندگی کو حیات نو بخشی۔

محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق وادی میں 3 جنوری کو موسم ابر آلود رہنے کے ساتھ ہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری کا امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کے بعد ایک اور مغربی ہوا کے زیر اثر 4 جنوری کی شام سے 5جنوری کی رات دیر گئے تک وادی کے میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری جبکہ پہاڑی علاقوں میں بھاری برف باری ہوسکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس دوران جموں کے میدانی علاقوں میں بارشوں کا امکان ہے۔

موصوف ترجمان نے کہا کہ بعد ازاں 6 جنوری کی دوپہر سے موسم میں بہتری متوقع ہے۔

نہوں نے کہا کہ وادی میں 7 جنوری سے 10 جنوری تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بعد میں وادی میں 11 اور 12 جنوری کو مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ کہیں کہیں ہلکی برف باری ہوسکتی ہے۔

محکمے نے ایڈوائزری میں سیاحوں، مسافروں اور ٹرانسپورٹرز کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اہم گذر گاہوں اور پہاڑی علاقوں پر درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے درج ہونے اور برفانی حالات کے یش نظر ٹریفک ایڈوائزری پر عمل کریں۔

انہوں نے کہا کہ 4 سے 6 جنوری کے دوران وادی کے کچھ پہاڑی علاقوں میں بھاری برف باری کا امکان ہے۔

دریں اثنا وادی کے شبانہ درجہ حرارت میں کہیں بہتری تو کہیں مز€ید گراوٹ درج ہوئی ہے۔

گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی2.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

سری نگر میں 21 دسمبر کو شبانہ درجہ حرارت منفی 8.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوکر رواں موسم کی سرد ترین رات ریکارڈ ہوئی تھی جو گذشتہ 133 برسوں میں سری نگر میں ماہ دسمبر میں ریکارڈ ہونے والا تیسرا کم ترین درجہ حرارت ہے۔

سری نگر میں سال 1974 کے ماہ دسمبر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی10.3 ڈگری سینٹی گریڈ اور 13 دسمبر سال 1964 کو شبانہ درجہ حرارت منفی 12.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی4.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی8.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی4.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی4.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی1.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہیاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی1.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی7.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی5.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

جنوبی کشمیر کے پلوامہ، اننت ناگ، کولگام اور شوپیاں اضلاع میں شبانہ درجہ حرارت بالترتیب منفی6.1 ڈگری سینٹی گریڈ، منفی7.7 ڈگری سینٹی گریڈ، منفی6.8 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی8.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جبکہ زوجیلا پر شبانہ درجہ حرارت منفی24.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

وسطی کشمیر کے بڈگام اور گاندربل اضلاع میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی 3.2 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی4.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

شمالی کشمیر کے بارہمولہ اور بانڈی پورہ اضلاع میں شبانہ درجہ حرارت بالترتیب منفی 4.8 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی2.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی4.4 ڈگری سینٹی گریڈ اور ضلع کرگل میں منفی6.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

سائیبریا کے بعد دنیا کے دوسرے سرد ترین علاقہ دراس میں شبانہ درجہ حرارت منفی8.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔