والد کے سی آر سے فرزند کے ٹی آر کی ملاقات
معلوم ہوا ہے کہ چندر شیکھر راؤ نے پارٹی قائدین سے کہا ہے کہ وہ ایسے نتائج کا سامنا کرنے کے لئیے تیار رہیں اور عوامی مسائل پر کانگریس حکومت کے خلاف اپنی لڑائی جاری رکھیں۔
حیدرآباد: بی آر ایس کے کارگزار صدر کے ٹی راما راؤ نے پارٹی سربراہ اور ان کے والد کے چندر شیکھر راؤ سے جمعہ کی رات حیدرآباد کے مضافات میں واقع ایراولی میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ یہ ملاقات فارمولا ای ریس کیس میں اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) کے ذریعہ راما راؤ سے ساڑھے سات گھنٹہ کی پوچھ گچھ کے ایک دن بعد ہوئی ہے۔
ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ سابق وزیر نے پوچھ گچھ کی تفصیلات سے چندر شیکھر راؤ کو واقف کرایا۔کے ٹی راما راؤ سے پوچھ گچھ کے دوران چار سینئر آئی پی ایس افسران کی ٹیم نے 82 سوالات پوچھے تھے۔ بتایا جا رہا ہے کہ کے ٹی راما راؤ نے تمام سوالات کا تحمل سے جواب دیا اور مزید استفسارات کے لئیے اپنے تعاون کا یقین دلایا۔
راما راؤ نے سابق چیف منسٹر کو اس سلسلہ میں تلنگانہ ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ میں دائر درخواستوں کی حیثیت سمیت قانونی آپشنز کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔
معلوم ہوا ہے کہ چندر شیکھر راؤ نے پارٹی قائدین سے کہا ہے کہ وہ ایسے نتائج کا سامنا کرنے کے لئیے تیار رہیں اور عوامی مسائل پر کانگریس حکومت کے خلاف اپنی لڑائی جاری رکھیں۔
یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ پوچھ گچھ کے بعد اپنی نندی نگر کی رہائش گاہ پر واپسی پر راما راؤ کا ان کے اہل خانہ بشمول ان کی والدہ شوبھامان، اہلیہ شیلیما، اور بہن کے کویتا نے پرتپاک استقبال کیا تھا۔ کے ٹی آر نے پوچھ گچھ کے بعد چندر شیکھر راؤ سے جمعرات کی رات فون پر بات کی اورتفصیلات سے واقف کرایا تھا۔