قومی

صفدر جنگ ہاسپٹل سے سونم وانگ چک کا بڑا اعلان

صفدر جنگ ہاسپٹل سے ہاتھ سے لکھا بیان جاری کرتے ہوئے سونم وانگ چک نے کہا کہ امید کرتا ہوں کہ حکومت‘ وزیر تعلیم کو جواب دہ ٹھہرائے گی۔

نئی دہلی (پی ٹی آئی) ماحولیات کارکن سونم وانگ چک نے پیر کے دن اعلان کیا کہ وہ اپنی غیرمعینہ مدتی بھوک ہڑتال جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آج کاکروچ جنتا پارٹی کے سنسد چلو مارچ کے دوران پولیس نے جو کارروائی کی اس کی وجہ سے وہ مجبور ہوئے ہیں کہ یوتھ لیڈرس کو ارکان ِ پارلیمنٹ سے ملنے دینے یا انہیں دواخانہ سے ایسا کرنے دینے تک مرن برت جاری رکھیں۔

صفدر جنگ ہاسپٹل سے ہاتھ سے لکھا بیان جاری کرتے ہوئے سونم وانگ چک نے کہا کہ امید کرتا ہوں کہ حکومت‘ وزیر تعلیم کو جواب دہ ٹھہرائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پولیس نے احتجاجیوں کے ساتھ جو کیا اس سے انہیں تکلیف پہنچی۔ دہلی پولیس نے آج سی جے پی کو پارلیمنٹ کی طرف جلوس نکالنے سے روک دیا۔

اس نے جنترمنتر کے اطراف سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کردیں اور کئی احتجاجیوں کو حراست میں لے لیا۔ سونم وانگ چک 18 جولائی سے صفدر جنگ ہاسپٹل میں ہیں۔ دہلی پولیس نے بھوک ہڑتال کے 21 ویں دن انہیں جبراً دواخانہ منتقل کردیا تھا۔