جائزہ حاصل کرنے کے بعد ڈرگس مافیا کو نئے پولیس کمشنر سرینواس ریڈی کا انتباہ
شہر حیدرآباد کے نئے پولیس کمشنر کے سرینواس ریڈی نے چہارشنبہ کے روز ڈرگس (منشیات) کی لعنت کو ختم کرنے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ منشیات کی لعنت کی بیخ کنی کیلئے آہنی پنجہ کا استعمال کیا جائے گا۔

حیدرآباد: شہر حیدرآباد کے نئے پولیس کمشنر کے سرینواس ریڈی نے چہارشنبہ کے روز ڈرگس (منشیات) کی لعنت کو ختم کرنے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ منشیات کی لعنت کی بیخ کنی کیلئے آہنی پنجہ کا استعمال کیا جائے گا۔
انہوں نے ڈرگس مافیا کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ان مافیا کو شہر سے پاک بنایا جائے گا۔ سٹی پولیس کمشنر کی حیثیت سے جائزہ لینے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کے سرینواس ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے تلنگانہ کو ڈرگس فری (منشیات سے پاک) ریاست بنانے کی ہدایت دی ہے۔
کمشنر نے کہا کہ اس کوشش میں وہ دیگر پولیس کمشنرس سائبر آباد اور راچہ کونڈا سے بھر پور تعاون کریں گے۔ منشیات کی لعنت کے خاتمہ کیلئے بنیادی پولیسنگ اور عوام تک رسائی کو یقینی بنانے کی ممکنہ مساعی انجام دی جائے گی۔
ڈرگس گینگس اور منشیات کی حوصلہ افزائی کرنے والوں سے وہ یہ کہنا چاہتے ہیں کہ پلیز! آپ یہاں سے چلے جائیں، ہمارا شہر چھوڑ دیں۔ آپ ہماری ریاست چھوڑدیں ہم آپ کو برداشت کرنا نہیں چاہتے ہیں۔
چاہئے آپ جتنے بڑے، طاقتور ہوں گے، آپ، یہاں سے چلے جائیں۔ آپ کہاں جائیں گے اس کی ہمیں کوئی فکر نہیں رہے گی۔ سٹی پولیس کمشنر نے کہا کہ پبس، بارس اور ریسٹورنٹس اور فام ہاوزس میں اگر منشیات کے غیر قانونی استعمال کی شکایت ملنے پر وہ سخت کاروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ فلمی صنعت اور پبس کے انتظامیہ کو آپس میں اجلاس منعقد کرتے ہوئے منشیات کے استعمال کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کرنا ہوگا۔
ایسے کئی خانگی ادارے اور فلمی صنعت کے کئی گھرانے ایسے ہیں جو بہت دیانت دار ہیں اور وہ قانون کی پاسداری کرتے ہیں۔ فرینڈ لی پولیسنگ کے بارے میں انہوں نے کہا کہ قانون کا احترام کرنے والوں کی پولیس دوست رہے گی اور قانون شکن افراد کے خلاف پولیس سخت رویہ اپنائے گی۔یو این آئی کے مطابق کمشنر پولیس حیدرآباد کے طورپر کے سرینواس ریڈی نے ذمہ داری سنبھال لی۔
اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ منشیات سپلائی کرنے والے گروہوں کیلئے ریاست میں کوئی جگہ نہیں ہے۔انہوں نے پبس، ریستوراں اور فارم ہوز کے مالکان کو مشورہ دیا کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ منشیات فروخت کرنے والوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا ”مجھ پر اعتماد کرنے اور مجھے یہ ذمہ داری سونپنے پر میں چیف منسٹر ریونت ریڈی کا شکریہ اداکرتا ہوں۔
حیدرآباد کمشنریٹ میں فرائض کی انجام دہی چیلنج سے بھراکام ہے۔“ انہوں نے کہا کہ منشیات کی وبا سے سختی سے نمٹاجائے گا۔ فلم انڈسٹری میں منشیات کے ذرائع کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اس پر فلم انڈسٹری کے ذمہ داروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیاجائے گا۔ سٹی پولیس کمشنر کا جائزہ حاصل کرنے کے بعد کے سرینواس ریڈی نے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی سے ملاقات کی۔