جنت البقیع کی تعمیر نو کیلئے عالمی سطح پر احتجاج، حیدرآباد کے اندرا پارک پر دھرنا کا اعلان
علما نے کہا کہ جنت البقیع میں موجود آثارِ مقدسہ کی بے حرمتی پر عالمی شیعہ برادری غم و غصے کا اظہار کر رہی ہے، اور اسی تناظر میں اندرا پارک، دھرنا چوک پر ایک عالمی دھرنے کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں جنت البقیع کی فوری تعمیر نو کا مطالبہ کیا جائے گا۔

حیدرآباد: مدینہ منورہ میں واقع قدیم اسلامی قبرستان جنت البقیع کی تعمیر نو کے مطالبے پر دنیا بھر میں احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں انٹرنیشنل بقع آرگنائزیشن کی جانب سے حیدرآباد میں ایک پریس کانفرنس منعقد کی گئی جس میں جنت البقیع کی تاریخی و مذہبی اہمیت پر روشنی ڈالی گئی۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بین الاقوامی شیعہ اسکالر مولانا شیخ محمد عباس پنجو (نجف، عراق)، مولانا سید محب عابد، مولانا سید فیاض حسین، میر فراست علی باقری، سید علی حسین زیدی اور میر رضا علی سہیل نے کہا کہ جنت البقیع میں تقریباً سات ہزار اسلامی شخصیات مدفون ہیں جن میں دختر رسول حضرت فاطمۃ الزہرا (س)، امام حسن (ع)، امام زین العابدین (ع)، امام محمد باقر (ع)، امام جعفر صادق (ع)، ازواج مطہرات اور رسول خدا ﷺ کے چچا شامل ہیں۔
علما نے کہا کہ جنت البقیع میں موجود آثارِ مقدسہ کی بے حرمتی پر عالمی شیعہ برادری غم و غصے کا اظہار کر رہی ہے، اور اسی تناظر میں اندرا پارک، دھرنا چوک پر ایک عالمی دھرنے کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں جنت البقیع کی فوری تعمیر نو کا مطالبہ کیا جائے گا۔
حیدری ایجوکیشنل اینڈ سوشل ویلفیئر سوسائٹی کے جنرل سکریٹری میر فراست علی باقری نے حکومت ہند سے اپیل کی ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر خارجہ ایس جے شنکر اور وزیر اقلیتی امور کرن رجیجو سعودی حکومت سے بات چیت کے ذریعہ اس اہم مسئلہ کو اجاگر کریں۔
انہوں نے بتایا کہ اس مہم کے تحت ایک خصوصی خط تیار کیا جا رہا ہے جس پر ہندوستان بھر کے افراد اپنے خون سے دستخط کریں گے۔ یہ خط ہندوستانی حکومت کو پیش کیا جائے گا تاکہ ملک کی سطح پر یکجہتی کا مظاہرہ ہو اور عالمی برادری جنت البقیع کی تعمیر نو کے لیے اقدامات کرے۔