شاہد آفریدی پی سی بی کی نئی عبوری سلیکشن کمیٹی کے چیرمین مقرر
پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا کہ میں عبوری سلیکشن کمیٹی کو خوش آمدید کہتا ہوں اور مجھے اس بات میں کوئی شک نہیں کہ وقت کی کمی کے باوجود وہ جرات مندانہ اور بے باک فیصلے کریں گے۔
لاہور: پاکستان قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کوپاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کی نئی عبوری سلیکشن کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق شاہد آفریدی نئی عبوری سلیکشن کمیٹی کے سربراہ ہوں گے جبکہ دیگر اراکین میں عبدالرزاق اور راؤ افتخار انجم شامل ہیں اور مینجمنٹ کمیٹی کے رکن ہارون رشید اس کے کنوینر ہوں گے۔
پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا کہ میں عبوری سلیکشن کمیٹی کو خوش آمدید کہتا ہوں اور مجھے اس بات میں کوئی شک نہیں کہ وقت کی کمی کے باوجود وہ جرات مندانہ اور بے باک فیصلے کریں گے جس سے ہمیں نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں ایک مضبوط ٹیم میدان میں اتارنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ شاہد آفریدی ایک جارح مزاج کرکٹر ہیں جنہو ں نے پوری زندگی بلا خوف و خطر کرکٹ کھیلا، وہ 20 سال کا تجربہ رکھتے ہیں اور انہوں نے تمام فارمیٹس میں پاکستان کی نمانئدگی کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی لہٰذا میرے خیال سے موجودہ جدید دور کے کھیل کے تقاضوں کو ان سے بہتر کوئی نہیں سمجھ سکتا۔
نجم سیٹھی نے کہا کہ مجھے پورا اعتماد ہے کہ کھیل کے حوالے سے معلومات کی بدولت وہ بہترین اور مستحق کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم کا انتخاب کریں گے۔
اس حوالے سے شاہد آفریدی نے کہا کہ میں اس ذمے داری کو اپنے لیے اعزاز سمجھتا ہوں اور اس ذمے داری کو پورا کرنے کے لیے جو بھی ممکن ہو سکا وہ ضرور کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے جیتنے کے طریقوں واپس اپنانے کی ضرورت ہے اور مجھے اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ اسٹریٹیجک سلیکشن کے ذریعے ہمیں نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں ایسی ٹیم میدان میں اتارنے میں مدد ملے گی جو کامیابیاں حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ مداحوں کا اعتماد بھی بحال کرے۔
آفریدی نے 1996 سے 2018 تک 27 ٹیسٹ، 398 ون ڈے اور 99 ٹی ٹوئنٹی کھیلے، مجموعی طور پر 11,196 رنز بنائے اور 541 وکٹیں لیں۔ انہوں نے 83 بین الاقوامی میچوں میں قومی ٹیم کی کپتانی بھی کی۔
آفریدی کے ساتھی عبدالرزاق نے 17 سال پر محیط کیریئر میں 343 بین الاقوامی میچ کھیلے، 7,419 رنز بنائے اور 389 وکٹیں حاصل کیں۔ آفریدی اور عبدالرزاق 2009 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے والی پاکستانی ٹیم کا حصہ تھے۔
راؤ افتخار ایک ٹیسٹ، 62 ون ڈے اور دو ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ 27 ٹیسٹ، 398 ون ڈے اور 99 ٹی20 انٹرنیشنل میچز کھیلنے والے سابق کپتان نے کہا کہ میں جلد سلیکٹرز کا ایک اجلاس طلب کروں گا اور آنے والے مچیوں کے حوالے سے انہیں اپنے منصوبوں سے آگاہ کروں گا۔
واضح رہے کہ سیٹھی کی نئی مینجمنٹ کمیٹی نے جمعرات کو اپنا عہدہ سنبھالنے کے ایک دن بعد ہی پی سی بی کے 2019 کے آئین کے تحت قائم تمام کمیٹیوں کو تحلیل کر دیا تھا، جس میں محمد وسیم کی سلیکشن کمیٹی بھی شامل تھی۔آفریدی کو پہلے انتظامی کمیٹی میں شامل کیا گیا تھا لیکن یہ کہہ کر چھوڑ دیا کہ وہ اپنی خیراتی فاؤنڈیشن پر توجہ مرکوز کرنا چاہتے ہیں۔