مودی کی 74ویں سالگرہ پر درگاہ اجمیر شریف میں خصوصی لنگر کا اہتمام (ویڈیو)
اجمیر درگاہ شریف سے وابستہ خادمین سلمان چشتی اور افشاں چشتی نے بتایا کہ انڈین مائنارٹی فاؤنڈیشن اور چشتی فاؤنڈیشن کی جانب سے وزیراعظم نریندر مودی کے یوم پیدائش پر شروع کیے گئے 'سیوا پکھواڑے ' کے تحت درگاہ شریف میں4 ہزار کلو سبزی والا کھانا تیار کیاگیا ہے
اجمیر: وزیر اعظم نریندر مودی کے 74 ویں یوم پیدائش کے موقع پر اجمیر میں خواجہ صاحب کی درگاہ میں 4000 کلو سے زائد میٹھے چاول آج زائرین، عقیدت مندوں اور غریبوں میں تقسیم کئے گئے۔ وزیراعظم مودی کی سالگرہ کے موقع پر اجمیر درگاہ پر 4000 کلو میٹھے چاول کے ساتھ خصوصی لنگر کا اہتمام بھی کیا گیا ۔
مودی کی سالگرہ پر شاہی دیگ، جس میں چاول پکائے گئے، کی کہانی بھی بہت دلچسپ ہے۔ یہ دیگ سری لنکا سے لائی گئی تھی اور مغل بادشاہ اکبر نے درگاہ شریف کو تحفہ میں پیش کی تھی۔
درگاہ کے پاس دو دیگ ہیں جن میں سے ایک کو بڑی شاہی دیگ اور دوسرے کو چھوٹی دیگ کہا جاتا ہے۔اجمیر شریف درگاہ کے علاوہ اس قسم کی دیگ کہیں اور موجود نہیں ہے۔ 1568 میں مغل شہنشاہ اکبر نے اپنی منت پوری ہونے کے بعد یہ دیگ درگاہ شریف کو تحفے میں دی تھی۔
اجمیر درگاہ شریف سے وابستہ خادمین سلمان چشتی اور افشاں چشتی نے بتایا کہ انڈین مائنارٹی فاؤنڈیشن اور چشتی فاؤنڈیشن کی جانب سے وزیراعظم نریندر مودی کے یوم پیدائش پر شروع کیے گئے ‘سیوا پکھواڑے ‘ کے تحت درگاہ شریف میں4 ہزار کلو سبزی والا کھانا تیار کیاگیا ہے جس میں چاول اور خالص گھی، خشک میوہ جات وغیرہ شامل ہوں گے ۔یہ کھانا زائرین، عقیدت مندوں اور غریبوں میں تقسیم کیا گیا۔
فاؤنڈیشن سے وابستہ خادم سید سلمان چشتی نے کہا کہ ہم نے ‘بارگاہ غریب نواز’ میں وزیر اعظم مودی کے لیے دعا کی ہے، اور ملک میں محبت، امن اور اتحاد کا پیغام بھی دیا ہے۔پورے لنگر کا اہتمام انڈین مائینارٹی فاؤنڈیشن اور اجمیر شریف کی چشتی فاؤنڈیشن کر رہی ہے۔درگاہ انتظامیہ نے بتایا کہ کھانا رضاکاروں کے ذریعے تقسیم کیا گیا۔