دہلی میں نوجوان کو چھرا گھونپ دیاگیا، ویڈیو وائرل
دہلی کے نند نگری علاقہ میں ایک شخص کی جانب سے ایک 20 سالہ نوجوان کو مارپیٹ کر چھرا گھونپ دیاگیا۔ پولیس عہدیداروں نے جمعہ کے دن یہ بات کہی۔ انہوں نے مزید کہاکہ واقعہ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر گشت ہوگیا۔
نئی دہلی: دہلی کے نند نگری علاقہ میں ایک شخص کی جانب سے ایک 20 سالہ نوجوان کو مارپیٹ کر چھرا گھونپ دیاگیا۔ پولیس عہدیداروں نے جمعہ کے دن یہ بات کہی۔ انہوں نے مزید کہاکہ واقعہ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر گشت ہوگیا۔
عہدیدار نے کہاکہ جی ٹی بی ہاسپٹل کے ڈاکٹرس کی جانب سے قاسم نامی زخمی نوجوان کو مزید علاج کیلئے اے آئی آئی ایم ایس ٹروماسنٹر سے رجوع کیاگیا ہے۔
واقعہ کے ویڈیو میں فی الوقت پولیس تحویل میں موجود 22 سالہ ملزم شعیب کو سڑک پر پڑے قاسم کو مارپیٹ کرتے اور چھرا گھونپتے ہوئے دیکھا گیا۔ چند خواتین کو قاسم کو بچانے کیلئے چیخ و پکار کرتے ہوئے سناگیا جبکہ چند راہ گیر متاثرہ کی مدد کے بغیر دیکھتے کھڑے رہے۔
ویڈیو ریکارڈنگ میں دکھایا گیا کہ شعیب کے جانے کے ساتھ ہی بڑا مجموعہ اکٹھا ہوگیا۔ نند نگری پولیس اسٹیشن کو جمعرات کے دن10:37 بجے رات واقعہ کے ضمن میں ایک پی سی آر کال موصول ہوا اور کال کرنے والے نے مطلع کیا کہ زخمی کو جے ٹی بی ہاسپٹل لیجایاگیا ہے۔
پولیس عہدیدار نے کہاکہ پولیس ٹیموں نے فوری مقام واقعہ اور ہاسپٹل پہنچ کر قاسم کا میڈیکو لیگل کیس (ایم ایل سی) حاصل کیا۔ زخمی نے کوئی بیان نہیں دیا۔
ملزم اور متاثرہ دونوں ایک ہی محلہ کے متوطن ہیں۔ واقعہ کے بارے میں حقائق حاصل کئے جارہے ہیں اور اقدام قتل کا مقدمہ درج کیا جائے گا۔