سری نگر میں چوری کا کیس حل، دو ملزم گرفتار، مال مسروقہ بر آمد:پولیس
انہوں نے کہا کہ شکایت پر پولیس اسٹیشن ہارون میں مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کی گئیں۔
سری نگر: پولیس نے سری نگر میں چوری کے ایک کیس کو حل کرکے دو ملزموں کو گرفتار اور مسروقہ مال برآمد کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ 22 نومبر 2024 کو پولیس اسٹیشن ہارون کو محمد اظہر گلکار ولد ظہور الدین ساکن چند پورہ ہارون کی طرف سے ایک شکایت موصول ہوئی جس میں کہا گیا کہ 18 اور 19 نومبر کی درمیانی شب کچھ نامعلوم چور اس کے رہائشی مکان واقع چند پورہ میں گھس گئے اور زیوارت و دیگر چیزیں اڑا لے گئے۔
انہوں نے کہا کہ شکایت پر پولیس اسٹیشن ہارون میں مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کی گئیں۔
بیان میں کہا گیا: ‘تفتیش کے دوران، سی سی ٹی وی فوٹیج اور تکنیکی شواہد کی بنیاد پر، کچھ مشتبہ افراد کو پوچھ گچھ اور جرم میں ملوث مشتبہ شخص کی شناخت کے لیے بلایا گیا’۔
انہوں نے کہا: ‘اس دوران ایک ملزم عمر شفیع ڈار ساکن گھاٹ، شالیمار کو پوچھ گچھ کے لیے بلایا گیا جس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی نگرانی کے بعد ملزم کی شناخت عادل شبیر خان ولد شبیر احمد خان ساکن کمار محلہ اشبر نشاط کے طور پر ظاہر کی’۔
پولیس ترجمان نے کہا: ‘اس طرح ملزم کو گرفتار کیا گیا اور فوری کیس میں اس کے ملوث ہونے کے ساتھ ساتھ اس کے ایف آئی آر نمبر 24/2024 سیکشن 457، 380 آئی پی سی کے تحت اور ایف آئی آر نمبر 39/2024 سیکشن 331 (3) ، 305 بی این ایس کے تحت مقدمہ میں ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے’۔
انہوں نے کہا: ‘اس کے انکشاف پر ایک اور ملزم (چوری کا مال وصول کرنے والا) محمد مقبول ڈار ولد عبدالکریم ساکن سیٹھار گنڈ، پلوامہ، جو بکال کمپلیکس نزدیک فائر سروس سمبورہ روڈ کاکہ پورہ پلوامہ میں واقع المقبول جیولرز کے نام سے اپنی دکان چلاتا ہے، کو گرفتار کیا گیا اور اس کے قبضے سے تقریباً 84.02 گرام وزنی سونے کی اشیاء، جن کی مالیت 5 لاکھ 71 ہزار روپیے ہے،بر آمد کی گئیں۔