حالت نشہ میں سب انسپکٹر کی ہنگامہ آرائی
مقامی افراد نے 100نمبر کو فون کرتے ہوئے شکایت کی جس کے بعد پولیس وہاں پہنچی اور سب انسپکٹر کے ساتھ ساتھ اس کے ساتھیوں کو روکنے کی کوشش کی تاہم حالت نشہ میں اس پولیس عہدیدار نے وہاں پہنچی پولیس پر بحث وتکررا کے بعد حملہ کردیا۔

حیدرآباد: تلنگانہ کے منچریال ٹاون میں رات دیر گئے حالت نشہ میں سب انسپکٹر نے ہنگامہ آرائی کی۔ ٹاون کے امبیڈکرچوراہے کے قریب کل شب یہ واقعہ پیش آیا۔کریم نگر پولیس کمشنریٹ کے حدود کے بیجنکی پولیس اسٹیشن سے وابستہ سب انسپکٹر تروپتی نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ سڑک پر شراب پی اور حالت نشہ میں اچانک سڑک پر ہنگامہ آرائی کی۔
اس ہنگامہ آرائی کی شکایت مقامی افراد کی جانب سے 100نمبر کو فون کرتے ہوئے کی گئی جس کے بعد پولیس وہاں پہنچی اور سب انسپکٹر کے ساتھ ساتھ اس کے ساتھیوں کو روکنے کی کوشش کی تاہم حالت نشہ میں اس پولیس عہدیدار نے وہاں پہنچی پولیس پر بحث وتکررا کے بعد حملہ کردیااور ان کے ٹیب کو نقصان پہنچایا۔
بعد ازاں یہ سب انسپکٹر اپنی گاڑی سڑک پر ہی چھوڑکر اپنے ساتھیوں کے ساتھ فرارہوگیا۔پولیس نے اس کی کار کو پولیس اسٹیشن منتقل کرتے ہوئے اس بات کی شکایت کی۔
پولیس نے اس شکایت کی بنیاد پر معاملہ درج کرکے فرار پولیس عہدیدار اور اس کے ساتھیوں کی تلاش شروع کردی۔ تروپتی کا تعلق منچریال ضلع کے حاجی پورمنڈل کے ویم پلی گاوں سے ہے اور وہ دیوالی منانے کے لئے اپنے گھر آیا تھا۔